• news

پانامہ کیس کا فیصلہ سپریم کورٹ میں نہ ہوا تو سڑکوں پر ہو گا: پرویز اشرف

مردان (نامہ نگار) سابق وزیراعظم اور پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما راجہ پرویز اشرف نے کہاہے کہ فوجی عدالتوں کی جب تک ضروت ہے قائم رہنی چاہئے ،پانامہ لیکس پر سپریم کورٹ میں فیصلہ نہ ہوا تو سڑکو ں پر ہوگا ، پیپلز پارٹی کے چار نکات ملک کے مفاد میں ہیں،نیشنل ایکشن پلان کو افواج پاکستان نے جرآت کے ساتھ آگے بڑھایا حکومت کی ذمہ داریوں پر سوالیہ نشانات ضرور ہیں وہ ہفتہ کے روز پیپلز پارٹی کے مرکزی نائب صدر سینیٹر حاجی خان زادہ خان کے بہنوئی کی وفات پر اظہار تعزیت اور فاتحہ خوانی کے بعد میڈیا کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ پرویز اشرف نے کہاکہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ جمہوریت اورجمہوری اداروں کومضبوط کیاہے ڈکٹیٹرشپ سے بھرپورمقابلہ کیاہے انہوںنے کہاکہ عمران خان کی پانامہ لیکس پر پیپلز پارٹی کے ساتھ تحریک مل کر ساتھ دینے کے اشارے مثبت ہیں ہم سمجھتے ہیں کہ پانامہ لیکس ثابت شدہ الزامات ہیں اور پاکستان کی 20کروڑ عوام کی نظریں سپریم کورٹ پر لگی ہوئی ہیں چیف جسٹس کی پہلی تقریر حوصلہ افزا ہے۔ پرویز اشرف نے وزیراعظم میاں نوازشریف کا نام لئے بغیر کہاکہ ہم پیپلزپارٹی والے سادہ ہیں اوریہ بڑے بڑے سکینڈلز کے بعد بھی الحمدللہ کہہ کر بات ختم کردیتے ہیں۔
پرویز اشرف

ای پیپر-دی نیشن