• news

بجلی، گیس کی لوڈشیڈنگ سنگین صورتحال اختیار کر گئی، شرقپور، نارنگ میں مظاہرے

لاہور (نامہ نگاران) بجلی اور گیس کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ سنگین صورتحال اختیار کر گئی، شرقپور، نارنگ میں مظاہرے، حکومت کیخلاف نعرے بازی کی گئی۔ شرقپور شریف سے نامہ نگار کے مطابق شہر میںگیس کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے خلاف شہریوں نے احتجاجی مظاہرہ کیا مظاہرین کا کہنا ہے کہ سردی کی آمد کے ساتھ ہی شہر میں پریشر میں نمایاں کمی واقع ہونے سے اہل علاقہ کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ صبح اور رات کے اوقات میں گیس دئیے کی لوکی طرح جلتی ہے جس پر کھانا پکانا ناممکن ہوچکا ہے اور بچوں کو بغیر ناشتہ کے سکولوں میں جانا پڑتا ہے دوسری جانب شرقپور شریف اور گردونواح میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ بدستور جاری ہے شہر میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 14گھنٹے سے بھی تجاوز کرجانے پر شہریوں نے شدید احتجاج کرتے ہوئے حکومت اور لیسکو کے خلاف نعرے بازی کی۔ نارنگ منڈی سے نامہ نگار کے مطابق سوئی گیس کی لوڈشیڈنگ بدترین صورتحال اختیارکرگئی شہریوںکی بڑی تعداد نے اعظم علی باجوہ کی قیادت میںسوئی گیس حکام کےخلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرین نے احتجاج کرتے ہوئے بتایاکہ پوری رات اوربعد دوپہر دوبجے کے بعد سوئی گیس کی لوڈشیڈنگ نے عوام کاناک میںدم کردیاہے۔ خواتین بھی ہاتھوں میںبرتن پکڑے مظاہرے میںشامل تھیں۔ کوٹ رادھا کشن سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق شہر اور اس کے گرد و نواح میں درجنوں دیہات میں سردی کے باوجود غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ جاری ہے جس کی وجہ سے عوام کا دقت کا سامنا ہے۔ چک امرو سے نامہ نگار کے مطابق نورکوٹ میں لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ ناقابل برادشت حدوں کو جا پہنچا ہے۔ شہریوں نے شدید احتجاج کرتے اعلی حکام سے لوڈ شیڈنگ پر قابو پانے کا مطالبہ کیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن