:ہدف حاصل نہ ہو سکا‘ ایف بی آر کا شارٹ فال ایک سو ارب سے بھی بڑھ گیا
اسلام آباد (عترت جعفری) ایف بی آر کا ریونیو شارٹ فال ایک سو ارب روپے سے بھی بڑھ گیا۔ جولائی تا دسمبر ریونیو کا ششماہی ہدف پورا ہو سکا اور نہ دسمبر کا ماہانہ ہدف حاصل کیا جا سکا۔ اس سے قبل انکم ٹیکس گوشوارے بھی گزشتہ مالی سال کے مقابلہ میں کہیں کم تعداد میں جمع ہوئے ہیں اور ان میں بھی لاکھوں کا شارٹ فال ہے۔ جس سے جی ڈی پی کے تناسب سے ٹیکس کی شرح بڑھانے کے لئے حکومتی کوششوں کو شدید نقصان پہنچنے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔ ایف بی آر کے ذرائع نے بتایا ہے کہ دسمبر کیلئے 392 ارب روپے ریونیو کا ہدف مقرر کیا گیا تھا جبکہ آخری اطلاعات تک 365 ارب روپے جمع ہوئے۔ ایف بی آر کا کہنا ہے کہ اعداد و شمار کے مکمل ہونے تک اس میں مزید اضافہ ہو جائیگا تاہم 392 ارب روپے جمع نہیں ہو سکیں گے۔ جولائی تا نومبر پہلے ہی 100 ارب روپے کا شارٹ فال پہلے سے موجود تھا اور اب یہ گیپ مزید بڑھے گا۔ انکم ٹیکس کے گوشوارے داخل کرنے کی میعاد تو گزر گئی ہے۔ اب تک جمع کرائے جانے والے گوشواروں کی تعداد 10 لاکھ تک بھی نہیں پہنچ سکی۔ 9 لاکھ اور چند ہزار گوشوارے جمع ہو سکے ہیں۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ ایف بی آر کے چیئرمین نثار محمد 18 جنوری کو ریٹائر ہو رہے ہیں جن کی جگہ نئے چیئرمین کی تعیناتی کے لئے مختلف افسروں پر غور شروع کر دیا گیا ہے۔