داعش کا سربراہ ابو بکر البغدادی زندہ تنظیم کی قیادت کررہا ہے:امریکہ
واشنگٹن(صباح نیوز)امریکی محکمہ دفاع نے دعویٰ کیا ہے کہ داعش کی سرکوبی کے لیے عالمی اتحادیوں کے شام اور عراق میں بھرپور حملوں کے باوجود داعشی خلیفہ ابو بکر البغدادی تا حال زندہ ہے۔امریکی محکمہ دفاع کے ترجمان پیٹر کک نے امریکی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمیں یقین ہے کہ البغدادی زندہ اورداعش کی قیادت کررہا ہے۔ پیٹر کک کاکہنا تھا کہ داعشی خلیفہ کے ٹھکانے کی نشاندہی کے لیے ہم نے بہت تگ ودو کی ہے۔ البغدادی کے لیے ہم نے بہت سا وقت لگایا۔ اگرچہ وہ ابھی تک ہمارے ہاتھ نہیں لگا ہے مگر ہم جلد ہی اسے قرار واقعی سزا دلائیں گے۔خیال رہے کہ البغدادی اپنی تنظیم کی پالیسی کے برعکس طویل عرصے تک نظروں سے اوجھل رہتے ہیں۔
ان کی تنظیم مسلسل میڈیا میں اپنا پروپیگنڈہ کرتی ہے۔ جب سے داعش نے شام اور عراق میں اپنی خود ساختہ خلافت کا اعلان کیا ہے البغدادی ایک ہی بار ایک ریکارڈ شدہ فوٹیج میں سامنے آئے۔ انہیں آخری بار ماہ جون میں دیکھا گیا تھا۔ اس وقت عراقی فوج شمالی شہر موصل میں داعش کے خلاف آپریشن کی تیاری کررہی تھی۔البغدادی کی ہلاکت کے بارے میں ماضی میں افواہیں گردش کرتی رہی ہیں مگر اس ضمن میں کوئی مصدقہ اطلاع سامنے نہیں آئی۔
امریکہ/البغدادی