• news

2017ء انصاف کا سال ہو گا، جاوید ہاشمی کا دماغی توازن درست نہیں ، الزامات ’’جھوٹ پلس‘‘ ہیں: عمران

کراچی (سٹاف رپورٹر+ آن لائن+ صباح نیوز) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ کراچی مسائل کا گڑھ بن چکا ہے، جاوید ہاشمی کا دماغی توازن درست نہیں، انکے الزامات جھوٹ پلس ہیں۔ 2017ء انصاف کا سال ثابت ہوگا اور انصاف کا آغاز پانامہ کیس سے ہوگا۔ دورہ کراچی کے اختتام پر میڈیا سے گفتگو میں عمران نے کہا کہ کراچی 60 فیصد محصولات دیتا ہے لیکن یہ مسائل کا گڑھ بن چکا جہاں عوام کو پینے کا صاف پانی بھی دستیاب نہیں۔ جب تک کراچی کے عوام احتجاج نہیں کریں گے، عوام کو اکٹھا کر کے بڑا مظاہرہ کریں گے اور انتظامیہ پر دبائو ڈالیں گے کیونکہ صاف کراچی لوگوں کا حق ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کا ایک فرنٹ مین ہے جس کے ذریعے سارا پیسہ لوٹا جا رہا ہے اور کراچی کا پیسہ لوٹ کر دبئی میں پراپرٹی خریدنے کیلئے استعمال ہو رہا ہے۔ جب ملک کا سربراہ پیسہ چوری کرتا ہے تو پھر ماتحت کو بھی نہیں روکتا۔ پاکستان کا دیوالیہ نکل گیا ہے اور قرضوں پر گزارا ہو رہا ہے۔ جب ایک گھر میں چوری ہوتی رہے گی تو اس کا دیوالیہ نکل ہی جائیگا۔ انکا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کسی ایسی جماعت سے اتحاد نہیں کریگی جس پر کرپشن کے مقدمات ہیں، ایسی جماعت کیساتھ پانامہ کے علاوہ کسی بات پر اتحاد نہیں ہوسکتا۔ انہوں نے کہا کہ جاوید ہاشمی عمر کے ایسے حصے میں ہیں کہ اب انکا دماغی توازن ٹھیک نہیں ہے۔ 2017ء میں شادی کی خوشخبری ملے گی یا نہیں کے سوال پر عمران خان نے جواب دیا کہ میں ابھی اس پر نہیں سوچ رہا۔ انہوں نے ایک بار پھر اعتراف کیا کہ پانامہ لیکس کی وجہ سے پارٹی کے معاملات کو ٹھیک طریقے سے نہیں دیکھ سکا لیکن اب ایسا نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا جو بھی کارکن پارٹی خلاف ورزی کریگا اس کیلئے ہمارے پاس کوئی جگہ نہیں۔ فیصل آباد سمیت پنجاب کے دیگر علاقوں میں بلدیاتی الیکشن کے دوران پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزیاں ہوئی ہیں ہم انکو پارٹی سے نکال رہے ہیں۔ ایک سوال پر ان کا کہنا تھا کہ کراچی میں ایم کیو ایم کو ووٹ دینے کے معاملہ پر انکوائری کمیٹی بنا دی ہے۔ توقع رکھتا ہوں کہ پانامہ کیس کی روزانہ کی بنیاد پر سماعت ہوگی۔ جیسے ہی کیس ختم ہوتا ہے میں شہری اور دیہی پورے سندھ کا دورہ کروں گا۔

ای پیپر-دی نیشن