• news

بھارت، پاکستان میں اپنی دہشت گرد سرگرمیاں چھپا رہا ہے: دفتر خارجہ

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر+ نوائے وقت رپورٹ+ دی نیشن رپورٹ) بھارت کو پاکستان مخالف اقدامات میں ایک بار پھر منہ کی کھانا پڑ گئی اور اسے شرمندگی اٹھانا پڑی جب اقوام متحدہ میں پاکستان پر پابندی لگانے کی بھارتی قرارداد مسترد کر دی گئی۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان مخالف قرارداد کا مسترد ہونا اہم فورم پر بھارتی ایجنڈا مسترد ہونا ہے۔ ترجمان کے مطابق بھارت کی طرف سے سیاسی ایجنڈے کی تکمیل کے لئے قرارداد جمع کرائی گئی۔ جس میں پاکستان پر داعش اور القاعدہ کی مدد کا الزام لگایا گیا جو سلامتی کونسل کو 1267 ویں پابندیوں کی کمیٹی نے مسترد کر دی۔ قرارداد مسترد ہونے سے اہم فورم کو سیاسی مقاصد کیلئے استعمال کرنے کی بھارتی کوشش ناکام ہوگئی۔ بھارت پاکستان میں دہشت گردی کرانے،دہشتگردوں کی معاونت کرنے،اور انہیں وسائل فراہم کرنے میں ملوث ہے۔ ترجمان نے مزید کہا کہ پاکستان بھارت کی ریاستی معاونت سے ہونے والی دہشت گردی کا شکار ہے۔ کلبھوشن یادیو کی گرفتاری اور اس کا اعترافی بیان اس کا واضح ثبوت ہے۔ ترجمان کے مطابق انسداد دہشت گردی سے متعلق بھارت کا کردار مشکوک ہے، آنے والے دنوں میں اقوام متحدہ کو پاکستان میں بھارتی مداخلت کے مزید ثبوت دیں گے، بھارت ہم پر دہشت گردی کا الزام لگا کر اپنے جرم پر پردہ ڈالنے کی کوشش کرتا ہے۔ آن لائن کے مطابق سلامتی کونسل نے پاکستان پر پابندیوں کی قرارداد مسترد کر کے بھارت کے عزائم خاک میں ملا دئیے۔ ترجمان نے کہا کہ بھارت بے بنیاد الزام تراشی کے ذریعہ پاکستان کے اندر دہشت گردی کے فروغ میں اپنے کردار کو چھپانا چاہتا ہے۔ اصل بات یہ ہے کہ دہشتگردی بھارت کی ریاستی پالیسی کا حصہ ہے، پاکستان پر الزام لگا کر نئی دہلی نے اپنے جرم پر پردہ ڈالنے کی کوشش کی ہے۔واضح رہے کہ بھارت کی مسعود اظہر پر پابندیوں کی قرارداد چین نے دو روز قبل تیسری بار ویٹو کر دی تھی جس سے بھارت کو بڑی ناکامی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کر رہا ہے۔ کشمیری عوام اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق حق خود ارادیت کے حصول کی جدو جہد میں مصروف ہیں، بھارت نے دہشتگردی کی مذمت کی آڑ میں دہشتگردی کو اپنی ریاستی پالیسی کا حصہ بنا رکھا ہے، بھارت کی طرف سے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی پابندیوں کی کمیٹی کے سامنے تجاویز محض غیر سنجیدہ اور بے بنیاد الزامات کا پلندہ ہیں۔ آئندہ دنوں میں پاکستان اقوام متحدہ اور عالمی برادری کے اراکین کو بھارت کے پاکستان میں دہشتگرد سرگرمیوں میں ملوث ہونے کے مزید ثبوت بھی فراہم کرے گا۔ دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ اب یہ واضح ہو چکا ہے کہ بھارت کے پاکستان کے خلاف بے بنیاد الزامات کا مقصد حقیقت پاکستان میں اپنی دہشتگرد سرگرمیوں پر پردہ پوشی کرنا ہے۔ دی نیشن کے مطابق بھارت الزام تراشی سے پاکستان میں اپنے دہشت گرد نیٹ ورک کو چھپا رہا ہے۔نفیس زکریا نے وائس آف امریکہ کو انٹرویو میں کہا ہے کہ پاکستانی اداروں پر پابندیوں سے قبل امریکہ نے ہمارے ساتھ ان اداروں کی کسی غیر قانونی سرگرمی سے متعلق معلومات کا تبادلہ نہیں کیا تاہم ہم اس حوالے سے تحفظات کو دور کرنے کیلئے امریکہ سے ملکر کام کرنے کو تیار ہیں۔ انہوں نے میزائل ٹیکنالوجی سے متعلق 7 پاکستانی اداروں پر پابندیوں کو سازش قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ پابندیاں لگائے جانے کا وقت انتہائی ہے، پابندیوں کے تحت ان اداروں کو کسی بھی قسم کی ٹیکنالوجی ٹرانسفر کرنے سے قبل لائسنس کی ضرورت ہوگی۔ انکا کہنا تھا کہ اس حوالے سے سامنے آنے والی فہرست کا جائزہ جارہا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن