مقبوضہ کشمیر: یاسین ملک سرینگر، مسرت عالم بارہمولہ جیل منتقل، عبدالرشید ڈار پر کالا قانون کالعدم
سری نگر (اے این این+آن لائن+کے پی آئی ) چیئر مین لبریشن فرنٹ یٰسین ملک کو پلوامہ سے سنٹرل جیل سری نگر منتقل کردیاگیا ٗ پولیس نے زخمی حالت میں گرفتارکرنے کے باوجود کوئی طبی سہولت مہیا نہیں کی ٗ حریت رہنما کو دس گھنٹے تک بھوکا پیاسا رکھا گیا ٗ حریت رہنمائوں کا اظہار مذمت ٗ فی الفور رہائی کا مطالبہ۔ مسرت عالم بٹ کو جوڈیشل ریمانڈ پر ڈسٹرکٹ جیل بارہمولہ منتقل کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق لبریشن فرنٹ کے چیئرمین یاسین ملک جنہیں گزشتہ روز تین ساتھیوں سمیت گزشتہ روز پلوامہ سے گرفتار کیا گیا تھا ،کو سرینگر سینٹرل جیل منتقل کردیا گیا۔ حریت کانفرنس کے بیان میں کہا گیا زخمی حالت میں گرفتار کرنے کے بعد پولیس نے انہیں اور دوسرے لوگوں کو دس گھنٹے تک بھوکا پیاسا رکھنے کے بعد آدھی رات کوسینٹرل جیل پہنچایا۔ مقبوضہ کشمیر ہائی کورٹ نے مسلم لیگ کے لیڈر عبدالرشید ڈار پر عائد پبلک سیفٹی ایکٹ کالعدم قراردیتے ہوئے ان کی رہائی کے احکامات صادرکئے۔ بھارتی حکومت نے مقبوضہ کشمیر میں پاکستانی پرچم لہرانے کے واقعات پر ریاستی حکومت سے جواب طلب کر لیا ہے۔ بھارتی اخبار کے مطابق نوہٹہ میں داعش اور پاکستانی جھنڈے لہرانے کی کارروائی کا بھارتی وزارت داخلہ نے سخت نوٹس لیتے ہوئے ریاستی حکومت کو اس سلسلے میں مفصل رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔ ادھر پولیس ذرائع کے مطابق داعش کے جھنڈے لہرانے کی ویڈیو فوٹیج کا باریک بینی سے جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ اس طرح کی کارروائیاں انجام دینے والوں کی شناخت اچھی طرح سے ہو سکے اور ایسے عناصر کو کسی بھی صورت میں بخشا نہیں جائے گا۔ حریت کانفرنس نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کے حل کے بغیر اس خطے میں امن قائم نہیں ہو سکتا ٗ حکومت پاکستان کی جانب سے مسئلہ کشمیر کو بھارت اور پاکستان کے ما بین اختلافات کی بنیادی وجہ قرار دینے کا بیان حقیقت پسندی پر مبنی ہے ٗ بھارت خطے کے کروڑوں عوام کے محفوظ سیاسی مستقبل کی خاطر مذاکرات کی پیش کش کا مثبت جواب دے۔ بھارتی فوجیوں نے ریاستی دہشت گردی کی کاروائیاں جاری رکھتے ہوئے 2016 میں 9خواتین اور42 کمسن بچوں سمیت303بے گناہ کشمیریوں کو شہید کردیا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق ریسرچ سیکشن کی طرف سے جاری کئے گئے اعدادوشمار کے مطابق ان میں سے39 افراد کو دوران حراست شہید کیاگیا۔