نئے سال کا آغاز، ملک بھر کی مساجد میں ملکی سلامتی، استحکام کیلئے خصوصی دعائیں
لاہور/اسلام آباد (خبرنگار + ایجنسیاں) 2017ء کا سورج نئی اُمید اور نئی خوشیوں کے ساتھ طلو ع ہوگیا کہ یہ سال پاکستان کیلئے اچھا سال ثابت ہو ، ہر مشکل اور مصیبت کا اس ملک سے خاتمہ ہو۔ نئے سال کے آغاز پر ملک بھر کی مساجد میں ملکی سلامتی اور استحکام کیلئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔ مساجد میں نماز کی ادائیگی کیلئے آنے والوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اس سال ہم نے یہ عہد کرنا ہے کہ اس ملک کو ترقی کی راہ گامزن کریں گے ، ہر مشکل اور ہر مصیبت کا مل کر مقابلہ کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک سے نفرت کا خاتمہ ہوگا اور اپنے ارض پاک کو نئی بلندیوں پر لے جائیں گے۔ 2016 کے تمام غم، دکھ اور پریشانیاں بھلا کر نئے جوش اور ولولے کے ساتھ آگے بڑھیں گے۔ علاوہ ازیں اطلاعات، نشریات اور قومی ورثہ کی وزیر مملکت مریم اورنگزیب نے نئے سال کے موقع پر قوم کیلئے نیک تمنائوں کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ سال قوم کیلئے سلامتی اور خوشی کا سال ثابت ہوگا۔ انہوں نے اللہ تعالیٰ سے دعا کی کہ وہ پاکستان کے عوام کو اپنی بے شمار نعمتوں سے نوازے اور ہمیں پاکستان کے امن، خوشحالی اور ترقی کیلئے مل کر کام کرنے کی توفیق عطاء فرمائے۔ اپنے سال نو کے پیغام میں انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد نوازشریف کے ایجنڈے کے تحت پاکستان معاشی ترقی کی جانب گامزن ہے اور توانائی ، بنیادی ڈھانچے ، صحت اور تعلیم کے شعبوں میں بہتری کیلئے بڑے پیمانے پر کوششیں کی جارہی ہیں۔ دہشتگرد شکست سے دوچار ہیں اور پاکستان مسلح افواج کے جوانوں کا ممنون ہے جو دہشتگردی کو پیچھے دھکیلتے ہوئے دہشتگردی اور عسکریت پسندی کے خلاف جنگ میں کامیابی حاصل کررہے ہیں ۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ 2017ء میں ہم مل کر ایک خوشحال پاکستان کیلئے کام کریں گے۔