واٹسن کو گیند کرانا مشکل لارڈزمیں کھیلنے کو ترجیچ دونگا:محمد عامر
لاہور (سپورٹس ڈیسک) فاسٹ بائولر محمد عامر کا کہنا ہے کہ مالدیپ میں ہنی مون منانے یا لارڈز میں کرکٹ میچ کھیلنا ہو تو وہ لارڈز کے میچ کا انتخاب کریں گے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے بائیں بازو کے فاسٹ بائو لر محمد عامر کی ایک ویڈیو ٹویٹر پر شیئر کی ہے جس میں وہ انتہائی دلچسپ انکشاف کر رہے ہیں۔ محمد عامر نے ویڈیو میں انکشاف کیا کہ شین واٹسن وہ واحد بلے باز ہیں جنہیں بال کرانا انہیں مشکل لگتا ہے۔ فاسٹ بائولر کا کہنا تھا کہ لارڈز اور میلبورن ان کے پسندیدہ کرکٹ کے میدان ہیں اور لارڈز کے میدان میں وہ انتہائی عمدگی سے بال کراتے ہیں اور ان کا سب سے بہترین ریکارڈ بھی وہیں ہے۔ جب سوال کیا گیا کہ کس کیچ کے چھوٹنے کا افسوس ہے تو ان کہنا تھا کہ 2009 میں جب آسٹریلیا میں رکی پونٹنگ کا کیچ چھوٹا اس وقت وہ صفر پرتھے لیکن اس کے بعد بہت بڑا سکور کر گئے محمد عامر نے بتایا کہ کرکٹ کے علاوہ انہیں فٹ بال بہت پسند ہے اور جم میں ان کے سب سے اچھے ساتھی شان مسعود اور عمر امین ہیں۔ ان کے مطابق واٹس ایپ پر پاکستان کرکٹ ٹیم کے گروپ کو وہ سب سے زیادہ دیکھتے ہیں۔ ان سے ایک انتہائی دلچسپ سوال کیا گیا کہ لارڈز میں میچ ہو یا مالدیپ میں ہنی مون منانے کا موقع تو آپ کس کا انتخاب کریں گے؟۔ جواب میں فاسٹ بائو لر کا کہنا تھا کہ لارڈز میں کھیلنا کسی بھی کرکٹر کا خواب ہوتا ہے لہذا وہ لارڈز میں میچ کو ترجیح دیں گے۔