• news

پی ایچ ایف بھارت کیخلاف جونیئر ورلڈکپ کا معاملہ اٹھائے: دانش کلیم

لاہور (سپورٹس رپورٹر) سابق اولمپیئن دانش کلیم نے کہا ہے کہ پاکستان سینئر ٹیم کی کوچنگ کے لیے طاہر زمان بہترین چوائس ہیں، پاکستان ہاکی فیڈریشن سینئر ٹیم کی کمان انہیں سونپ دے تو مستقبل میں اچھے نتائج حاصل ہو سکتے ہیں۔ نیشنل ہاکی سٹیڈیم لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے دانش کلیم کا کہنا تھا کہ فیڈریشن کے زیراہتمام قومی سطح پر لوکل ٹورنامنٹس کرائے جا رہے ہیں جو خوش آئند ہیں، ملکی لیول پر ٹورنامنٹس کی تعداد بڑھانے سے نیا ٹیلنٹ سامنے آئے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان جونیئر ٹیم گذشتہ ایک سے ڈیڑھ سال سے اولمپیئن طاہر زمان کی کوچنگ میں کھیل رہی ہے۔ سینئر ٹیم کا کوئی انٹرنیشنل ایونٹ قریب نہ ہونے کی وجہ سے جونیئر ٹیم کے کھلاڑیوں نے یہ سینئرز کی جگہ پر کھیلنا ہے جن پر طاہر زمان کا کافی کنٹرول ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ 2016ء میں بھارت نے قومی جونیئر ٹیم کو ورلڈ کپ میں شرکت کا موقع نہیں دیا ہے جس پر پی ایچ ایف حکام کو معاملہ ایف آئی ایچ اور اے ایچ ایف میں اٹھانا چاہیے۔ اس کے ساتھ ساتھ دونوں جگہوں پر پاکستانی آفیشلز کی تعداد میں بھی اضافہ کرنے کے بعد میں کوئی حکمت عملی اپنائی جائے۔ ٹیکنیکل آفیشلز کی تعداد بڑھنے سے پاکستان ہاکی کو فائدہ ہوگا۔

ای پیپر-دی نیشن