• news

پی سی ایل کا فائنل لاہور میں ہوا تو ویسٹ انڈیز کی ٹیم مارچ دورہ کریگی :نجم سیٹھی

لاہور (سپورٹس رپورٹر) پی سی بی ایگزیکٹو کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی نے کہا ہے پاکستان سپر لیگ کا فائنل میچ لاہور میں ہو گیا تو ویسٹ انڈیز ٹیم مارچ میں پاکستان کا دورہ کرئے گی۔ اس سلسلہ میں ویسٹ انڈیز ٹیم نے سیکورٹی کلیئرنس مانگی ہے۔ بھارت کے خلاف قانونی چارہ جوئی کے لیے معاملات 24 سے 48 گھنٹوں میں طے کرینگے کہ معاملہ آئی سی سی یا عالمی ثالثی عدالت میں اٹھانا ہے۔ ان خیالات کا اظہار نجم سیٹھی نے لاہور میں بکس اینڈ بینز گلبرگ میں پی ایس ایل کے پہلے ایڈیشن کی فاتح ٹیم اسلام آباد یونائٹڈ کی کتاب کی لانچنگ کی تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر اسلام آباد یونائیٹڈ کے مالک علی نقوی اور برانڈ ایمبیسیڈرمعروف اداکار فواد خان بھی موجود تھے۔ نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ ویسٹ انڈیز ٹیم نے پاکستان میں کھیلنے کے حوالے سے سکیورٹی کلیئرنس مانگی ہے جس کے لیے جلد وزیر داخلہ سے ملاقات کر کے معاملات کو حتمی شکل دی جائے گی۔ ویسٹ انڈیز ٹیم کو واضح کیا ہے کہ اگر ویسٹ انڈیز ٹیم چاہتی ہے کہ پاکستان ٹیم فلوریڈا میں ان کے ساتھ دو میچز کی سیریز کھیلے تو اس کے لیے ضروری ہے کہ ویسٹ انڈیز ٹیم پاکستان کا دورہ کرئے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر پاکستان سپر لیگ کا فائنل لاہور میں ہو جاتا ہے تو ویسٹ انڈیز ٹیم بھی پاکستان کے دورے پر آ جائے گی۔ بھارت کے ساتھ سیریز نہ ہونے کے حوالے سے نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ اس سلسلہ میں اپنی لیگل ٹیم کے ساتھ مشاورت کر رہے ہیں اگلے 24 سے 48 گھنٹوں میں حتمی نتیجہ پر پہنچ جائیں گے کہ بھارت کے خلاف معاملہ آئی سی سی یا عالمی ثالثی عدالت میں اٹھانا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر بھارت راضی ہو تو اس کے ساتھ نیوٹرل وینو پر بھی کھیلنے کو تیار ہیں جبکہ ٹرائینگولر سیریز بھی کھیل سکتے ہیں۔ پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق کی ریٹائرمنٹ کے حوالے سے پوجھے گئے سوال کے جواب میں نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ ریٹائرمنٹ کا ان کا اپنا فیصلہ ہے جس پر انہیں مجبور ن ہیں کیا جائے گا مصباح الحق جو بھی فیصلہ کرینگے اس پر راضی ہیں۔ سابق کپتان شاہد آفریدی کی ریٹائرمنٹ کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ شاہد آفریدی میرے ساتھ چائے کے کپ پر ایک میٹنگ کر لیں تو معاملہ یہ بھی حل ہو جائے گا۔

ای پیپر-دی نیشن