• news

مصباح الحق سڈنی ٹیسٹ کے بعد ریٹائر ہو جائیں گے

لاہور (سپورٹس رپورٹر) پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تیسرا ٹیسٹ میچ کل سے سڈنی میں کھیلا جائے گا۔ دونوں ٹیموں میں ایک ایک تبدیلی کا امکان ہے۔ پاکستان کی قیادت مصباح الحق اور آسٹریلیا کی سٹیو سمتھ کریں گے۔ شاہین کلین سویپ کی خفت سے بچنے کے لیے میدان میں اتریں گے۔ قومی ٹیم میں سہیل خان کی جگہ آل رائونڈر محمد نواز کو صلاحیتوں کے اظہار کا موقع مل سکتا ہے۔ گرین کیپس بائیس برس سے آسٹریلیا میں ٹیسٹ میچ نہیں جیت سکے ، پاکستان نے انیس سو پچانوے میں وسیم اکرم کی قیادت میں آسٹریلیا کو سڈنی میں چوہتر رنز سے ہرایا تھا۔ قومی ٹیم کے کپتان مصباح الحق ریٹائرمنٹ کا فیصلہ موخر کرتے ہوئے سڈنی میں ہونے والا تیسرا اور آخری ٹیسٹ میچ کھیلنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وہ سڈنی ٹیسٹ کے بعد ریٹائر ہوجائینگے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے ڈائریکٹر میڈیا اور کوآرڈینیشن امجد حسین نے بتایا کہ مصباح نے تیسرا ٹیسٹ کھیلنے کا فیصلہ کیا ہے۔ذرائع کے مطابق مصباح ٹیم کی وطن واپسی پر پی سی بی چیئرمین شہریار خان سے ملاقات کریں گے اور اس کے بعد ہی اپنے مستقبل کا فیصلہ کریں گے۔ آسٹریلین ٹیم سڈنی میں ہونے والے تیسرے ٹیسٹ میچ کیلئے ٹیم میں تبدیلی کرنے کی تیاریاں کر رہی ہے۔آسٹریلیا نے سڈنی ٹیسٹ کیلئے سکواڈ میں دو سپنرز ایشٹن ایگار اور سٹیو او کیف کو شامل کیا ہے اور کوچ ڈیرن لیمن تین میں سے دو سپنرز کھلانے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں اور اس کی جگہ جیکسن برڈ کو اپنی جگہ خالی کرنی پڑ سکتی ہے۔دو سپنرز کھلانے کی بڑی وجہ سڈنی کی وکٹ ہے جو سپنرز کیلئے سازگار ہے تو ساتھ ساتھ آسٹریلین ٹیم دورہ بھارت کی تیاریاں بھی کرنا چاہ رہی ہے۔آسٹریلیا کی ٹیم چار ٹیسٹ میچوں کی سیریز کیلئے فروری سے آسٹریلیا کا دورہ کرے گی۔دوسری جانب شاہین سیریز ہارنے کے بعد دل بھی ہار گئے ہیں اور آخری ٹیسٹ کیلئے دوسرے روز پریکٹس ہی نہیں کی جبکہ کینگروز نے نئے سال کے پہلے روز خوب پریکٹس کی اور پاکستان ٹیم کو مسلسل چوتھی بار اپنی سرزمین پر کلین سویپ کرنے کیلئے پرعزم ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن