دہشت گردی کیخلاف عالمی اتحاد کی ضرورت
ترکی میں نیو ایئر نائٹ پر دہشت گردی ، استنبول میں نائٹ کلب پر حملہ ، 39 افراد ہلاک ، 40 زخمی ، اسلام کے نام پر دہشت گردی بڑا خطرہ ہے : جرمن چانسلر
استنبول ترکی میں نیو ایئر نائٹ کی تقریب میں نئے سال کے آغاز پرخون کی جو ہولی کھیلی گئی اس پر دنیا بھر میں افسوس کیا جارہا ہے۔ اس واردات میں 39 افراد مارے گئے۔اس سے قبل جرمن چانسلر نے بھی کہا تھا کہ اسلام کے نام پر دہشت گردی بڑا خطرہ۔حالانکہ خود اسلامی ممالک سب سے زیادہ اس بلا کا شکار ہیں۔ نائن الیون کے بعد جس طرح دنیابھر میں شدت پسندی کے واقعات میں اضافہ ہوا۔ شدت پسند عناصر کی سرپرستی کرنے والی تنظیموں نے ان وارداتوں کی ذمہ داری قبول کی اس کے بعد عالمی سطح پر مسلمانوں کیخلاف منفی جذبات میں اضافہ ہوا ہے۔ اب اسلامی ممالک اور ان کے علما پر ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ دہشت گردی کو اسلام سے جوڑنے کی سازشوں کو ناکام بنائیں۔
اب وقت آگیا ہے کہ تمام اسلامی و دیگر ممالک عالمی سطح پر داعش و دیگر شدت پسند تنظیموں کے خلاف بلا امتیاز مذہب و ملت اتحاد بنا کرسخت کارروائی کریں اور دہشت گردی کے اس خطرے سے نمٹیں ۔ اسلام امن کا دین ہے اس کا شدت پسندی اور دہشت گردی سے کوئی تعلق نہیں جو لوگ ایسا کر رہے ہیں انہیں خود مسلم ممالک کے علما اسلام کے دشمن قرار دے چکے ہیں۔