• news

سلامتی کونسل میں پاکستان کیخلاف پابندیوں کی بھارتی قرارداد ہٹ دھرمی کی انتہا ہے: حافظ سعید

لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعةالدعوة حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ بھارت کی طرف سے سلامتی کونسل میں پاکستان کیخلاف پابندیوں کی قرارداد پیش کرنا ہٹ دھرمی کی انتہا ہے، بھارت کشمیر میں اپنی ریاستی دہشت گردی چھپانے کیلئے پاکستان کیخلاف جھوٹا پروپیگنڈا کر رہا ہے، اقوام متحدہ میں بھارتی مداخلت کے ثبوت پیش کرنے کا فیصلہ خوش آئند ہے۔ بلوچستان اور ملک کے دیگر حصوں میں بھارت کی مداخلت اور دہشت گردی کسی سے ڈھکی چھپی نہیں۔کلبھوشن اور دیگر ہندوستانی ایجنٹوں سے متعلق تمام حقائق دنیا کے سامنے لائے جائیں۔ انڈیا کو مذاکرات کی پیش کشیں نہیں اس کی دہشت گردی کو بے نقاب کرنے کی ضرورت ہے۔ مرکز القادسیہ چوبرجی میں مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارت کی آٹھ لاکھ فوج مقبوضہ کشمیر میں بدترین ریاستی دہشت گردی کا ارتکاب کر رہی ہے۔ برہان وانی کی شہادت کے بعد سے ڈیڑھ سو سے زائد افراد شہید کر دیے گئے‘سترہ ہزار سے زائد افراد زخمی ہوئے۔ کنٹرول لائن پر بھارتی فائرنگ سے بھی کئی نہتے شہری شہید اور زخمی ہوئے ہیں۔ ہزاروں کی تعداد میں لوگوں کو نقل مکانی کر کے دیگر علاقوں میں رہائش اختیار کرنا پڑی لیکن اس سب کے باوجود انڈیا کی طرف سے دہشت گردی کا جھوٹا پروپیگنڈا پاکستان کیخلاف کیا جارہا ہے اور دنیا کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کیلئے سلامتی کونسل میں بے بنیاد قرارداد بھی جمع کروادی گئی تاہم بھارت سرکار کو یہ بات یاد رکھنی چاہیے کہ محض جھوٹے پروپیگنڈا کی بنیاد پر حقائق کو تبدیل نہیں کیا جاسکتا۔ بھارت کی جانب سے پاکستان کو دہشت گرد ملک قرار دلوانے کیلئے سلامتی کونسل میں قرارداد پیش کرنے سے پاکستانی حکمرانوں کی آنکھیں کھل جانی چاہئیں۔ پاکستان کو عدم استحکام سے دوچا ر کرنے کی سازشیں انشاءاللہ کامیاب نہیں ہوں گی۔
حافظ سعید

ای پیپر-دی نیشن