تشدد سے انکار کر کے امن حاصل کیا جا سکتا ہے‘ عالمی رہنما دہشت گردی عفریت کیخلاف مل کر لڑیں : پوپ فرانسس
ویٹی کن سٹی(رائٹرز) عیسائیوں کے مذہبی پیشوا پوپ فرانسس نے سال نو کے اپنے خطاب میں عالمی رہنماﺅں سے ملکر دہشتگردی کے عفریت کیخلاف لڑنے کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی وہ خون کا دھبہ ہے جو پوری دنیا کو ڈھانپتا جا رہا ہے۔ سینٹ پیٹرز سکوائر میں 50ہزار افراد سے روایتی دوپہر کا خطاب کرتے ہوئے پوپ فرانسس نے اپنی تحریر شدہ تقریر کو چھوڑ کر استنبول کے نائٹ کلب میں حملے کی مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ بد قسمتی سے امیدوں اور خواہشات کی اس رات کے موقع پر بھی پرتشدد کارروائی کر دی گئی ہے۔ میں ترک عوام اور حملے کے متاثرین سے اظہار یکجہتی کرتا ہوں کہ زخمیوں کیلئے دعا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 2017ءایسا ہو گا جیسا لوگ اسے بنائیں گے۔ اچھے اقدامات یہ ہونگے کہ ہم میں سے ہر ایک خدا کی مدد سے ہر آنیوالے دن اچھے کام کریں۔ انہوں نے کہا کہ امنتخریب کاری اور تشدد کا انکار کر کے اور مفاہمت اور بھائی چارے کی حمایت کر کے ہی حاصل کیا جا سکتا ہے۔