:حکومت کیخلاف دمادم مست قلندر کرنیوالے بلاول خود غائب ہوگئے: ایاز پلیجو
حیدرآباد(نمائندہ نوائے وقت) قومی عوامی تحریک کے مرکزی صدر ایاز لطیف پلیجو نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا تھاکہ 27 دسمبر کے بعد وفاقی حکومت کے خلاف دمادم مست قلندر کریں گے لیکن اب خود ہی غائب ہوگئے ہیں۔ زرداری اور نواز شریف میں مفاہمت ہے اس لئے ایک دوسرے کے خلاف کچھ بھی نہیں کریں گے۔ کراچی میں مہاجر ماﺅں کی گودیں اجاڑنے میں خود ایم کیو ایم ملوث ہے۔ اردو بولنے والے بھائی سندھ اور پاکستان میں ترقی اور تبدیلی کے لئے قومی عوامی تحریک کا ساتھ دیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے حیدرآباد کے وکلاءکے ایک وفد سے گفتگو کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ اقتدار کی مفادات اور عالمی قوتوں کے اشارے پر پیپلز پارٹی دہشت گردی کی سہولت کار رہی ہے۔ سندھ اور ملک کی تاریخ میں بدترین د ہشت گردی کے واقعات 12 مئی‘22 مئی‘9 اپریل‘ نشترپارک‘ بولٹن مارکیٹ‘ کارساز کے سانحات ہیں لیکن ان سانحات اور دہشت گردی کے واقعات کے باوجود پیپلز پارٹی ہمیشہ ایم کیو ایم کے لئے سائبان بنی رہی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ایم کیو ایم کے ایم پی اے کامران فاروقی کے عدالت میں سانحہ12 مئی کے حوالے سے اعتراف بیان کے بعد دہشت گردی میں ملوث تمام مجرموں کوگرفتار کیا جائے۔
ایازپلیجو