• news

دنیا اقوام متحدہ کا ساتھ دے 2017 ءکو امن کا سال بنائیں گے : انتونیو گوئٹرس‘ سیکرٹری جنرل کا عہدہ سنبھال لیا

نیویارک (اے پی پی+ رائٹر) اقوام متحدہ کے نئے سیکرٹری جنرل انتونیو گوئٹرس نے عالمی ادارے کے سیکرٹری جنرل کی حیثیت سے اپنی ذمہ داریاں سنبھال لی ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ذمہ داریاں سنبھالنے کے بعد سال نو کے حوالے سے اپنے پیغام میں انہوں نے 2017ءکو پُرامن سال بنانے کے عہد کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا نئے سال کو پُرامن اور خوشحال بنانے کےلئے دنیا کے تمام لوگوں کو عالمی ادارے کا ساتھ دینا چاہئے۔ انہوں نے کہا ہمارے پاس اس وقت سب سے بڑا سوال یہ ہے کہ دنیا میں بحرانوں سے متاثرہ خطے میں ان لوگوں کو کیسی مدد فراہم کی جائیں جنہیں مدد کی اشد ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا انصاف اور مساوات کے اصولوں پر مبنی دنیا کے قیام کےلئے لوگوں کو ہاتھوں میں ہاتھ ڈال کراقوام متحدہ کا ساتھ دینا چاہئے۔ 67 سالہ انتونیو گوئٹرس کا تعلق پرتگال سے ہے اور وہ اس سے قبل اقوام متحدہ کے مختلف اداروں میں کام کرنے کے علاوہ پرتگال کے 1995ءسے 2002ءتک وزیراعظم بھی رہے ہیں۔ انہوں نے کہا 2017ءمیں امن کو سب سے آگے رکھوں گا۔ لاکھوں لوگوں کو جنگوں کا سامنا ہے۔ عام شہریوں کو خطرناک فورسز کے سامنے ڈال دیا گیا ہے۔ خواتین، بچوں،عام مردوں کو مارا، زخمی اور بے گھر کیا جا رہا ہے۔ یہ جنگیں کوئی نہیں جیتتا بلکہ سب کو شکست ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا آئیے 2017ءسال بناتے ہیں جس میں عام شہری، حکومتیں، رہنما ہم سب اپنے اختلافات ختم کرنے کی جدوجہد کریں۔ امن ہمارا ہدف ہونا چاہئے۔

ای پیپر-دی نیشن