• news

بارودی سرنگوں کے دھماکے‘ کوئٹہ : چھ ایف سی اہلکار‘ نصیر آباد میں چار افراد زخمی

کوئٹہ + نصیر آباد+ باجوڑ (نوائے وقت نیوز+ایجنسیاں) کوئٹہ میں سکیورٹی فورسز کی گاڑی کے قریب بارودی سرنگ کے دھماکہ کے نتیجے میں 6 اہلکار زخمی ہوگئے۔ جبکہ نصیر آباد میں بھی بارودی سرنگ کے دھماکے میں 4 افراد زخمی ہو گئے۔ کوئٹہ میں دھماکے سے زخمی اہلکاروں کو سی ایم ایچ منتقل کردیا گیا۔ دھماکہ مغربی بائی پاس کے قریب ہوا، یہ مقام پہاڑیوں کے قریب واقع ہے۔ دھماکہ کا ہدف ایف سی کی گاڑی تھی۔ دھماکہ خیز مواد سڑک کنارے نصب کیا گیا تھا۔ دھماکہ کے بعد پولیس اور سکیورٹی فورسز کے اہلکاروں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر تحقیقات شروع کی۔ پولیس کے مطابق دھماکہ ریموٹ کنٹرول کے ذریعے کیا گیا دھماکہ میں 8 سے 10 کلو بارودی مواد استعمال کیا گیا زخمیوں میں ایک اہلکار کی حالت نازک بتائی جاتی ہے۔ نصیرآباد کے علاقے میں چھتر کے قریب بارودی سرنگ کے دھماکے میں چار افراد زخمی ہوگئے ۔پیر کو نصیرآباد کے علاقے میں چھتر کے قریب بارودی سرنگ کے دھماکے میں چار افراد زخمی ہوگئے۔ذرائع کے مطابق ریسکیو حکام نے موقع پر پہنچ کر امدادی کارروائیاں شروع کیں جبکہ زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیاگیا۔ وزیراعلیٰ بلوچستان نے کو ئٹہ میں ایف سی کی گاڑی کے قریب دھماکے کی شدید مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ مجرموں کو کیفرکردار تک پہنچایا جائیگا۔ علاوہ ازیں بنوں کے علاقہ ٹاﺅن شپ کی حدود میں ملنے والی جھلسی ہوئی نعش کی شناخت ہو گئی۔ مقتول محب اللہ کو فائرنگ کے بعد آگ لگا کر جلایا گیا تھا۔ آدھمی پل کے قریب ڈوگر عمر زئی کی قبرستان سے 31 دسمبر کے روز جھلسی ہوئی نعش برآمد کی گئی تھی جنہیں لواحقین نے شناخت کر لیا۔ ادھر باجوڑ ایجنسی کے تحصیل ماموند میں تباہی کا بڑا منصوبہ ناکام ہوگیا۔ سکیورٹی فورسز اور لیویز نے مشترکہ سرچ آپریشن کے دوران چار مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا۔ سرچ آپریشن کے دوران اسلحہ اور بم بنانے کا سامان برآمد کر لیا گیا۔ ذرائع کے مطابق سکیورٹی فورسز اور لیویز فورس نے گذشتہ روز تحصیل ماموند میں سرچ آپریشن کے دوران 4 مشتبہ افراد کو گرفتار کر کے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا۔ برآمد ہونے والے اسلحہ میں راکٹ کے گولے دستی بم، بال بیرنگ اور ریموٹ کنٹرول بم بنانے کا سامان شامل ہے۔ علاوہ ازیں ایف سی اور حساس اداروں نے بارکھان میں کارروائی کر کے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کر لیا۔ کارروائی میں ایک ایل ایم جی، بارودی سرنگ، 3 مارٹر گولے، 10 راکٹ گولے، 6 کلو دھماکہ خیز مواد، ایک ہزار گز ڈیٹونیٹر تار اور ایک دوربین برآمد کیے گئے ہیں۔نوائے وقت رپورٹ کے مطابق پشاور کی دیر کالونی میں گھر کے باہر نصب بم کے دھماکے میں گیٹ کو نقصان ہوا۔ دھماکے میں 100 گرام بارود استعمال کیا گیا جانی نقصان نہیں ہوا۔
بارودی سرنگ کے دھماکے

ای پیپر-دی نیشن