شجاعت نے ایم این اے طارق بشیر چیمہ کو ق لیگ کا سیکرٹری جنرل نامزد کردیا
لاہو+اسلام آباد (خصوصی رپورٹر+این این آئی) طارق بشیر چیمہ ایم این اے کو ق لیگ کے صدر شجاعت حسین نے پارٹی کا سیکرٹری جنرل نامزد کردیا۔ طارق بشیر چیمہ نے سینیٹر مشاہد حسین سید کی جگہ لی ہے۔ پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات سینیٹر کامل علی آغا نے اس حوالے سے باقاعدہ اعلان کر دیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پارٹی صدر چودھری شجاعت حسین نے یہ فیصلہ مسلم لیگ ق کی جنرل کونسل منعقدہ 21 اکتوبر 2016ء کے تحت کیا ہے جس میں صدر پارٹی کو اختیار دیا گیا تھا کہ وہ پارٹی کے تمام مرکزی عہدیداروں کو نئے سرے سے مقرر کر دیں۔ مسلم لیگ ق کے رہنماﺅں چودھری ظہیر الدین، میاں منیر، رانا ریاض، شیخ عمر حیات، ناصر شیرازی، میاں کامران سیف نے طارق بشیر چیمہ کو ق لیگ کا سیکرٹری جنرل مقرر کئے جانے کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے چودھری شجاعت کا شکریہ ادا کیا ہے۔ ق لیگ کے سربراہ چودھری شجاعت حسین نے کہا ہے انتخابی اصلاحات نہیں ہوں گی تو اگلا الیکشن بھی پچھلے الیکشن کی طرح ہو گا۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا الزام لگانا آسان اور ثابت کرنا مشکل مرحلہ ہوتا ہے۔ عدلیہ کو سیاست میں نہیں گھسیٹنا چاہئے۔
ق لیگ