2017:ءتبدیلی کا سال‘ معاشرے کو 21ویں صدی سے ہم آہنگ بنائیں گے: بلاول
کراچی (سٹاف رپورٹر) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پشاور، سکھر اور کندھ کوٹ کے پریس کلبوں کے نو منتخب عہدیداران کو مبارکباد دی ہے، نومنتخب عہدیداروں کے نام اپنے مبارکباد کے پیغامات میںپیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ 2017ءتبدیلی کا سال ہے۔ انہوں نے امید کا اظہار کیا کہ سیاست اور صحافت خود کو مثبت تبدیلی کے ذریعے آگے لائیں گے اور معاشرے کو 21ویں صدی سے ہم آہنگ بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں پاکستان پیپلزپارٹی اور صحافیوں نے ہمیشہ آمروں اور آمریتی حکومتوں کے خلاف جدوجہد کی ہے اور مستقبل میں بھی ملک کی بہتری کے لیے اس غیر علانیہ اتحاد کو جاری رکھا جائے گا۔ علاوہ ازیں سابق صدرآصف علی زرداری اور بلاول بھٹو کے ضمنی انتخاب لڑنے کےلئے ایاز سومرو نے قیادت کو استعفیٰ بھجوا دیا ہے جبکہ ڈاکٹر عذرا فضل بھی آئندہ چند روز میں استعفیٰ دے دیں گی۔ لاڑکانہ این اے 204 سے رکن قومی اسمبلی ایاز سومرو نے اپنا استعفیٰ پارٹی قیادت کو بھجوا دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق ایازسومرو آج (منگل) استحقاق کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کریں گے۔ جس میںضمنی الیکشن کی حکمت عملی طے کی جائے گی۔ استحقاق کمیٹی اجلاس میں شرکت کے بعدوہ استعفیٰ سپیکر قومی اسمبلی کو بھجوا دیں گے۔ ایاز سومرو کی نشست پر بلاول بھٹو زرداری الیکشن لڑیں گے۔ ذرائع کے مطابق این اے 213 سے رکن اسمبلی ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو بھی اپنا استعفیٰ آج پارٹی کے حوالے کرسکتی ہیں۔ ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو کی خالی کردہ نشست پر آصف زرداری ضمنی انتخاب لڑیں گے۔
بلاول