محمود حامد پر تشدد ثابت، باسط علی کو دونوں عہدوں سے ہٹا دیا گیا
لاہور (سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریار خان نے پاکستان ویمن ٹیم کے ہیڈ کوچ اور جونیئر سلیکشن کمیٹی کے سربراہ باسط علی کو محمود حامد پر تشدد کرنے کا الزام ثابت ہونے پر دونوں عہدوں سے ہٹا دیا ہے۔ پی سی بی کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریار خان نے کراچی میں باسط علی اور محمود حامد کے ساتھ ملاقات کی تھی جس میں دونوں کھلاڑیوں کا موقف سنا گیا جس میں باسط علی نے اس بات کو تسلیم کیا کہ انہوں نے محمود حامد کو تھپڑ مارا ہے۔ چیئرمین پی سی بی نے معاملے کو احساس قرار دیتے ہوئے باسط علی کو فوری طور پر پاکستان ویمن ٹیم کے ہیڈ کوچ اور پاکستان جونیئر سلیکشن کمیٹی کی سربرائی سے ہٹا دیا ہے جبکہ ان کا کہنا تھا کہ باسط علی پر مستقبل میں پی سی بی اور کسی بھی ٹیم کی کوچنگ اسائمنٹ کے حوالے سے کوئی پابندی نہیں ہے۔