برازیل: جیل میں ہنگامہ‘ 2 منشیات فروش گروپوں کی جھڑپیں‘ 60 ہلاک‘ متعدد قیدیوں کے سر قلم
برازیلیا (رائٹرز+صباح نیوز+ نوائے وقت رپورٹ+ بی بی سی) برازیل میں ایمازون جنگل کے شہر منائوس میں جیل میں خونیں ہنگامہ آرائی کے سبب 17گھنٹے شدید جھڑپیں ہوئیں اور منشیات فروقوں کے 2 گروپوں کے قیدیوں نے ایک دوسرے پر حملے کیے جس کے باعث 60 قیدی مارے گئے۔ گلوبو ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق ریاست ایمازون میں سکیورٹی کے سربراہ سرجیو فونٹس نے میڈیا کو بتایا ڈرگ گینگز میں مڈبھیڑ ہوئی اور بغاوت کر دی گئی۔ ریسکیو آپریشن جاری اور ہلاکتیں بڑھنے کا خدشہ ہے۔ علاقے میں سکیورٹی سخت کر دی گئی۔ صباح نیوز کے مطابق متعدد قیدیوں کے سر کاٹ کر نعشیں باہر پھینک دیں۔ پولیس نے آپریشن کرکے 12 یرغمال بنائے محافظوں کو بازیاب کرا لیا۔ نعشوں کے انبار لگے تھے۔ لڑنے والے گروپوں کے نام (ایف ڈی این) اور پی سی بتائے جاتے ہیں۔ مذاکرات میں قیدیوں نے پولیس کے برے سلوک کی شکایت کی۔ حکام نے کہا 10 برس میں یہ ہلاکتوں کا مہلک ترین واقع ہے۔ مخالفین کے سر کاٹ کر ان کی نعشیں باہر دھکیل دیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق قیدیوں کے درمیان پہلی لڑائی گزشتہ اتوار کو ہوئی جس پر قابو پا لیا گیا تھا تاہم ایک بار پھر ہونے والے خونریز تصادم میں جرائم پیشہ افراد نے اپنے مخالفین کے سر کاٹ کر ان کی نعشیں جیل کی دیوار سے باہر دھکیل دی ہیں۔