• news

زرداری کو ایوان میں خوش آمدید کہوں گا جمہوریت جڑیں مضبوط کر رہی ہے: ایاز صادق

کراچی (سٹاف رپورٹر) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ کراچی پاکستان کا چہرہ ہے۔ مشترکہ کوششوں کے ذریعہ شہر کو بہتر بنایا جائے گا۔ نیشنل ایکشن پلان پاکستان کی کامیابی ہے۔ اس پلان میں توسیع ہونی چاہئے۔ حکومت نے کرپشن کے خاتمے کے لیے اقدامات کیے ہیں۔ پانامہ کا معاملہ عدالت میں ہے۔ عدالتی فیصلوں کا سب کو احترام کرنا ہوگا۔ بحیثیت سپیکر آصف علی زرداری کو ایوان میں خوش آمدید کہوں گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز سابق وزیر داخلہ سندھ ڈاکٹر ذوالفقار مرزا سے ان کی والدہ کی وفات پر تعزیت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اگلے انتخابات میں کسی بھی جماعت کی کامیابی اس کی کارکردگی سے مشروط ہوگی۔ سی پیک منصوبہ ملک کی ترقی کے لیے اہم ہے۔ آنے والی نسلیں اس سے استفادہ کریں گی۔ تحریک انصاف کو مجھ سے شکایت ہے تو اس میں میرا کیا قصور ہے۔ عوام نے دومرتبہ مجھے منتخب کرکے اسمبلی میں بھیجا ہے۔ جو مجھے سپیکر نہیں مانتے اسکا مطلب ہے کہ انہوں نے جو حلف اٹھایا وہ اسکی پاسداری نہیں کرتے ہیں۔ میرا عہدہ آئینی ہے کسی ذات کی وجہ سے یہ سیٹ مجھے نہیں ملی۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ کی بالادستی جمہوریت کی مضبوطی ہے۔ 2013 سے اب تک بہت مرحلے ایسے آئے جب انگلیاں اٹھائی گئیں مگر ادارے اپنا کام کرتے رہیں گے۔ بلاول بھٹو یا آصف زرداری جو بھی منتخب ہوکر آئے گا ویلکم کروں گا۔ یہ ملک و قوم کے مفاد میں ہوگا۔ پارلیمنٹ کی مدت ایک سال کم کرنے کی مدت کا فیصلہ نہیں ہوا صرف غور کیا گیا تھا۔ وقت کے ساتھ جمہوریت جڑیں مضبوط کر رہی ہے۔ دہشتگردی میں کمی آئی ہے۔ بہتری وقت کے ساتھ آ رہی ہے۔ کراچی والے جانتے ہیں۔ نیکٹا جیسے ادارے بھی مضبوط ہو رہے ہیں۔ فاروق ستار، چودھری نثار قوم کا مینڈیٹ لے کر آئے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن