• news

ا ے ڈی خواجہ کی واپسی، چوہدری نثار کا پلڑا بھاری ہوگیا

کراچی(سالک مجید) آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ ( اللہ ڈنو خواجہ) کی چھٹیوں سے واپسی اور دوبارہ فرائض سنبھالنے سے وزیراعلیٰ اور وفاقی وزیر داخلہ کے درمیان جاری سرد جنگ میں چوہدری نثار علی خان کا پلڑا بھاری ہوگیا ہے۔ حکومت سندھ نے اللہ ڈینو خواجہ کو عہدے سے فارغ کرنے کے لئے پورا زور لگایا ان کو عہدے سے نہیں ہٹایا جاسکا تو جبری رخصت پربھیج دیا گیا۔ وزیراعلیٰ کہتے رہے کہ جبری رخصت پر نہیں بھیجا بلکہ وہ خود چھٹیوں پر گئے ہیں لیکن وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان نے اے ڈی خواجہ کو چھٹیوں پر بھیجے جانے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ساری حقیقت بیان کردی تھی۔ سارا جھگڑا خواجہ انور مجید اور اے ڈی خواجہ کے درمیان شوگر ملوں کے لئے گنے کے کاشت کاروں کی شکایت پر پولیس کارروائی کی وجہ سے ہونے والی تلخ کلامی تھی۔ انور مجید چاہتے تھے کہ اے ڈی خواجہ کو عہدے سے ہٹادیا جائے۔ حکومت سندھ نے ان کو ہٹا کر غلام قادر تھیبو اور مجید دتی کو آئی جی بنانے پر غور بھی شروع کریا تھا لیکن سارا کھیل بدل گیا اور عدالت نے حکم امتناعی جاری کرکے اے ڈی خواجہ کو عہدے سے ہٹانے اور جبری رخصت پر بھیجنے سے حکومت سندھ کو روک دیا۔ بالٓاخر اے ڈی خواجہ واپس آگئے اور سال 2017 کی پہلی ایپکس کمیٹی میں شریک بھی ہوئے جہاں وزیراعلیٰ کے روبرو نئے کور کمانڈر نئے آئی جی رینجرز بھی موجود تھے۔ سرکاری ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ اور اے ڈی خواجہ کے درمیان رسمی بات چیت ہوئی اور پھر وزیراعلیٰ نے آئی جی سندھ کو کئی ہدایات جاری کردی ہیں کراچی کو سٹریٹ کرائم سے پاک دیکھنا چاہتا ہوں روزانہ پولیس کارروائی کی رپورٹ دی جائے۔ ڈرگ مافیا کے خلاف رینجرز کے اشتراک سے اقداما ت کئے جائیں۔

ای پیپر-دی نیشن