• news

سپریم کورٹ : بھابی اور بھائی کو قتل کرنیوالے ملزم کی اپیل خارج ،سزائے موت برقرار

اسلام آباد (صباح نیوز) سپریم کورٹ نے راولپنڈی کے علاقے کلرسیداں میں بھابی اور بھائی کو قتل کرنے والے ملزم کی اپیل خارج کرتے ہوئے قرار دیا ہے کہ ملزم کا کردار ظالمانہ تھا اس لئے اس کے ساتھ کوئی ہمدردی نہیں کی جا سکتی۔ ملزم نے اپنے سگے بھائی اور بھابھی کو ان کو بچوں کے سامنے جائیداد کی تقسیم کے تنازعہ پر قتل کیا تھا۔ جسٹس آصف سعید کھوسہ کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے ملزم محمد اذران کی جانب سے دائر کی گئی اپیل کی سماعت پر فیصلہ سنایا۔ یاد رہے ملزم نے 3 مئی 1998ء کو اپنے آباؤ اجداد کی جائیداد کی تقسیم کے تنازعہ پر اپنے بھائی محمد جاوید اور ان کی اہلیہ رخسانہ کوثر کو قتل کر دیا تھا۔ عدالت نے اپنے فیصلے میں قرار دیا کہ اس قتل کے محرکات واضح ہیں مقتول کے بچوں کے سامنے قتل کیا گیا اور استغاثہ نے اس کیس کو مضبوط شواہد کے ساتھ ثابت کیا اور ضلعی عدالتوں نے تمام حقائق کا جائزہ لے کر اس کیس میں ملزم کو سزائے موت سنائی ہے۔ اس لئے ذیلی عدالتوں کا فیصلہ برقرار رکھتے ہوئے ملزم کی اپیل خارج کی جاتی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن