سٹاک مارکیٹ: نئے سال کا ریکارڈ سے آغاز‘ انڈیکس تاریخ میں پہلی بار 48 ہزار سے عبور
کراچی(مارکیٹ رپورٹر)پاکستان سٹاک ایکسچینج میں نئے کاروباری ہفتے کے آغاز پر تیزی پر 100 انڈیکس 433.31 پوائنٹس اضافہ 4بالائی حدود عبور ہوکر 48240.28 کی ریکارڈ تاریخی حد پر بند رہا۔ سرمایہ کاری مالیت میں 88ارب 90کروڑ روپے سے زائد اضافہ رہا۔ چین کے پاکستان سٹاک مارکیٹ کے 40فیصد حصص خریدنے کے اچھے اثرات‘ بالخصوص چین اوربیرون ملک سرمایہ کاروں کی بینکنگ ‘فیول پاور‘ سٹیل ‘ سیمنٹ فرٹیلائزر‘ ٹیکسٹائل سیکٹرز کی خریداری میں دلچسپی اورآئندہ دنوں رونما ہونے والی مثبت اطلاعات پرسرمایہ کاروںنے بیشتر حصص کی بھاری خریداری کرکے اسے آئندہ دنوں کی تیزی پر حاصل کرلئے۔ مارکیٹ میں سرگرم حصص کادائرہ کار 423 کمپنیوں تک رہا جس میں 258 کمپنیوں میں اضافہ‘ 145کمپنیوں میں کمی اور 20 کمپنیوں میں استحکام رہا۔ مجموعی مارکیٹ کیپٹل 96 کھرب 28 ارب 51 کروڑ 43 لاکھ 72 ہزار 21 روپے سے بڑھ کر 97 کھرب 17 ارب 42 کروڑ 40 لاکھ 14 ہزار 624 روپے ہوگئی۔ گزشتہ جمعہ کے مقابلے میں کاروباری سرگرمی ایک کروڑ 6 لاکھ 13 ہزار 260 حصص سے کم ریکارڈ رہی اور مجموعی سودوں میں 37 کروڑ 66 لاکھ 87 ہزار 770 حصص کے کاروبار میں کمی ریکارڈ کی گئی۔