لاہور ریجن نے احمد شہزاد کو دونوں ٹیموں میں شامل کرنے سے انکار کر دیا
لاہور (نمائندہ سپورٹس+ سپورٹس رپورٹر) قومی ون ڈے ٹورنامنٹ میں عمدہ کارکردگی کے باوجود ٹیسٹ کرکٹر احمد شہزاد کے مسائل ختم نہ ہوئے۔احمد شہزاد کو ریجنل ون ڈے ٹورنامنٹ کے لیے لاہور ریجن نے اپنی دونوں ٹیموں میں شامل کرنے سے انکار کر دیا۔ذرائع کیمطابق احمد شہزاد اب ریجنل ون ڈے ٹورنامنٹ میں اسلام آباد کی نمائندگی کریں گے- ابتدائی طور پر وہ کسی بھی ٹیم میں شامل نہ تھے، اسلام آباد نے بھی انہیں حسن علی کے متبادل کے طور پر ٹیم میں شامل کیا ہے۔ اسلام آباد کے فاسٹ باولر حسن علی کی آسٹریلیا کیخلاف ون ڈے سکواڈ میں شمولیت کیبعد احمد شہزاد کو ٹیم میں جگہ ملی ہے -ون ڈے کپ میں لاہور بلیوز کی کپتانی سلمان بٹ اور لاہور وائٹس کی سمیع اسلم کریں گے-کامران اکمل، ظفر گوہر، اور ضیاء الحق بھی لاہور بلیوز کا حصہ ہونگے۔ احمد شہزاد نے حال ہی میں ون ڈے ٹورنامنٹ میں 653 رنز سکور کیے تھے۔