ڈائریکٹر جنرل پاکستان ہاکی فیڈریشن مسرت اللہ نے مستعفی ہونے کا فیصلہ کیا
لاہور (حافظ محمد عمران/نمائندہ سپورٹس) پاکستان ہاکی فیڈریشن کے ڈائریکٹر جنرل بریگیڈئیر (ر) مسرت اللہ نے دفتر آنا چھوڑ دیا۔ ذرائع کے مطابق انہوں نے ہاکی فیڈریشن سے علیحدگی کافیصلہ کرلیا تاہم مصلحتاً مستعفی نہیں ہوئے۔مسرت اللہ دیرینہ دوست اور فیڈریشن کے صدر بریگیڈئیر (ر) خالد سجاد کھوکھر کی صحت بہتر ہونے کے بعد باضابطہ مستعفی ہو جائیں گے۔ موجودہ انتظامیہ نے انہیں آئین میں ترمیم کر کے ڈائریکٹر جنرل کے عہدے پر فائز کیا تھا تاہم وہ زیادہ دیر تک پی، ایچ، ایف کے ساتھ نہ چل سکے۔ ہاکی فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل اولمپئن شہباز احمد سینئر اور مسرت اللہ کے درمیان تعلقات اچھے نہیں رہے۔ ڈی جی نے آفس چھوڑنے کا فیصلہ پی ایچ ایف انتظامیہ کے رویئے سے دلبرداشتہ ہو کر کیا ہے۔ انہیں اپنی تجاویز پر عملدرآمد نہ ہونے کا افسوس تھا۔ فیڈریشن انتظامیہ کے ساتھ مختلف معاملات پر اختلاف رائے شدید ہونے اور معاملات کو غیر پیشہ وارانہ انداز میں چلائے جانے پر علیحدگی کا فیصلہ کیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے مسرت اللہ کے ہاکی لیگ، بیرون ملک کورسز کے لئے بھیجے جانے والے افراد، ایف۔آئی۔ایچ کی سطح پر لابنگ اور ملکی سطح کی ہاکی سمیت مختلف اہم معاملات میں شدید اختلافات تھے۔ خالد سجاد کھوکھر کی صحت کی خرابی اور صدر دفتر میں عدم موجودگی اور مناسب سپورٹ نہ ملنے کی وجہ سے ڈی۔ جی نے علیحدگی اختیار کی ہے۔