• news

بھارت کو پاکستان کے بعد نیپال کے چین سے تعلقات بھی کھٹکنے لگے

نئی دہلی(آن لائن) خطے میں اپنی چوہدراہٹ جمانے کے متمنی بھارت کو اپنے عزائم کی تکمیل کی راہ میں پہلے پاک چین دوستی کھٹکتی تھی لیکن اب وہ چین کے نیپال سے تعلقات پر بھی اعتراضات اٹھانے لگا ہے۔ غیرملکی خبرایجنسی کے مطابق نیپال اور چین کے فوجی آئندہ ماہ پہلی مرتبہ مشترکہ مشقیں کررہے ہیں، اس مشق سے قدرتی آفت یا کسی دہشتگرد حملے سے نمٹنے کے لیے نیپال کی فوج کی صلاحیتوں میں اضافہ ہوگا۔ اس حوالے سے نیپالی فوج کے ترجمان برگیڈیئر جنرل تارا بہادر کارکی کا کہنا ہے کہ نیپال اور چین فوجی وفود کا تبادلہ، دورے اور تربیتی کورس منعقد کرتے رہتے ہیں لیکن اس قسم کی مشق پہلی بارہو رہی ہے۔ دوسری جانب بھارت ان فوجی مشقوں کو اپنے توسیع پسندانہ عزائم کی راہ میں رکاوٹ سمجھنے لگا ہے۔ بھارتی دفاعی مبصرین کا کہنا ہے کہ نئی دلی سرکار ان فوجی مشقوں کو بہت اہمیت دے رہی ہے اور دونوں ممالک کے بڑھتے فوجی تعاون کی نوعیت کا جائزہ لے رہی ہے۔ بھارتی تشویش پرنئی دلی میں تعینات نیپالی سفیردیپ اْپادیو نے کہا ہے کہ ان مشقوں کے نتیجے میں ہمارے دوطرفہ تعلقات متاثر نہیں ہوں گے۔

ای پیپر-دی نیشن