کراچی: مقابلے میں ایک ملزم ہلاک‘ لیاری گینگ وار کے کارندے سمیت 10 گرفتار
کراچی (نمائندہ نوائے وقت) قانون نافذ کرنے والے اداروں نے کراچی کے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے لیاری گینگ وار کے ملزم اور افغان ڈکیت گروپ کے 6کارندوں سمیت 10ملزموں کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا ہے جبکہ ایک ملزم مقابلے میں مارا گیا۔ تفصیلات کے مطابق قانون نافذ کرنے والے ادارے نے سنگولین وچھانی محلے میں سرچ آپریشن کے دوران گینگ وار ملزم شہاب بلوچ عرف شابو کو گرفتار کر کے اسلحہ اور دستی بم برآمد کرلیا۔ ذرائع کے مطابق ملزم شہاب بلوچ کا تعلق عزیر بلوچ گروپ سے ہے۔ ملزم انٹیلی جنس افسر پرویز سمیت متعدد افراد کے قتل میں ملوث ہے۔ پرانی سبزی منڈی میں پولیس نے منشیات کے اڈے پر چھاپہ مارا ۔ اس دوران پولیس سے مقابلے میں منشیات فروش درویش گروپ کا کارندہ علی بھائی عرف ملا آلاتی مارا گیا ۔ ملزم سیکورٹی اہلکار سمیت پانچ افراد کے قتل میں ملوث تھا۔ گلبہار کے علاقے سے پولیس نے ایک سٹریٹ کرمنل کو گرفتار کرلیا۔ نیشنل ہائی وے خیرپور اکنامک زون کے قریب بھی مقابلے کے بعد دو ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔ علاوہ ازیں کراچی کی احتساب عدالت نے زمینوں پر قبضے اور چائنہ کٹنگ میں ملوث ملزم منہاج قاضی کے خلاف کیس جیل میں چلانے کا حکم دے دیا۔ گزشتہ روز کراچی کی احتساب عدالت میں چائنہ کٹنگ اور زمینوں پر قبضے کر کے قومی خزانے کو 32 کروڑ روپے نقصان پہنچانے سے متعلق ملزم منہاج قاضی شعیب نعیم سہیل الیاس و دیگر کے خلاف نیب کی جانب سے دائر ریفرنس کیس کی سماعت ہوئی۔ علاوہ ازیں نیوکراچی ٹائون میں پولیس نے کارروائی کرکے افغان ڈکیت گروپ کے 6 کارندوں کو گرفتار کرلیا۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان سے اسلحہ اور لوٹا گیا سامان برآمد کرلیا گیا۔