نجکاری میں شفافیت یقینی بنائی جائے: اسحاق ڈار
اسلام آباد (صباح نیوز+ نوائے وقت رپورٹ) وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی زیرصدارت نجکاری کے معاملات کا جائزہ لینے کے حوالے سے اجلاس ہوا، چیئرمین نجکاری کمشن محمد زبیر نے کابینہ کمیٹی سے منظورشدہ منصوبوں کے حوالے سے اجلاس کو بریفنگ دی، محمد زبیر نے 31دسمبر 2016 کو ختم ہونے والی رواں مالی سال کی پہلی سشماہی میں نجکاری کمشن کی کارکردگی رپورٹ پیش کی۔ اجلاس کے دوران وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا کہ کمیشن نجکاری کمیشن آرڈیننس 2000کے مطابق بروقت نجکاری کے معاملات کیلئے ضروری کوششوں کو مکمل کرے۔ انہوں نے نجکاری کمیشن کو ہدایت کی کہ نجکاری کا عمل کھلے، صاف و شفاف طریقے سے مکمل کیا جائے۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ نجکاری کا پروگرام موجودہ حکومت کے ملکی ڈھانچہ جاتی اصلاحات کے ایجنڈا کا اہم جزو ہے۔