خدمت خلق کیلئے اختیار کا ہونا ضروری نہیں، گورنر پنجاب
لاہور (خصوصی رپورٹر) گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا ہے کہ تعلیم یافتہ ہونے کی سب سے بڑی خوبی یہ ہوتی کہ وہ انسان کو اقتدار و اختیار سے بے نیاز کر دیتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ خدمت خلق کے لیے اختیار کا ہونا ضروری نہیں جتنا بے لوث جذبوں کا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مینجمنٹ اینڈ پروفیشنل ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کے زیر اہتمام پی ایم ایس کے ساتویں پوسٹ انڈیکشن کورس کے افسران سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ موجودہ حکومت کا اولین فریضہ اور ہماری جماعت کے منشور کی بنیادعام آدمی کو تحفظ اور با وقار زندگی مہیا کرنا ہے۔ سرکاری افسران کا اصل ہدف یہ ہے کہ وہ عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولیات اور آسانیاں فراہم کریں۔ بہتر عوامی خدمات اور گڈ گورننس کے مقصد کے حصول کے لیے سرکاری افسران انتہائی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔