• news

پڑوسی نہیں بدل سکتے‘ پاکستان کے ساتھ بات چیت جاری رکھنا ضروری ہے‘ چین دہشت گردی پر دوہرا معیار نہ دکھائے: بھارت

نئی دہلی (آئی این پی) بھارت نے کہا ہے کہ پاکستان کے ساتھ بات چیت جاری رکھنے کی ضرورت ہے، ہم پڑوسیوں کو تبدیل نہیں کرسکتے، ہمیں ان سے نمٹنے کی ضرورت ہے۔ وزیر مملکت برائے امور خارجہ ایم جے اکبر نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے ساتھ تعلقات کو ہمیں اپنی آنکھیں کھول کر ڈیل کرنا ہوگا۔ ہم چاہتے ہیں کہ امن ہو اور مذاکرات ہونے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے گزشتہ ڈیڑھ سال کے دوران پڑوسیوں کی پالیسی کے تحت پاکستان کے ساتھ بہترین نتائج حاصل کرنے کی کوششیں کیں حالانکہ پڑوسی ملک نے مذاکرات کی بحالی کی کوششوں میں خلل ڈالنے کی کوشش کی۔ انہوں نے کہا کہ گولیوں کی گونج میں امن قائم نہیں ہوسکتا۔ مذاکرات اور دہشت گردی ایک ساتھ نہیں چل سکتے۔ اسے روکنے کی ضرورت ہے۔ مولانا مسعود اظہر پر پابندیوں کے حوالے سے چین کی جانب سے بھارتی درخواست کو مسترد کیے جانے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں چین سے امید تھی کہ وہ دہشت گردی کے حوالے سے دنیا کی آواز کو سنے گا اور دہشت گردی کے خطرات کو پہچانے گا۔ چین دہشت گردی کے حوالے سے دہرے معیار کا مظاہرہ نہ کرے بلکہ وہ دہشت گردی کی برائی کو گہرائی سے سمجھنے کی کوشش کرے اور باہمی معاہدوں کے تحت ان پر عمل کرے۔
بھارت

ای پیپر-دی نیشن