بلوچستان کرپشن کیس : عدالت کا جلد ریفرنس دائر کرنے، خالد لانگو کو پیش کرنے کا حکم
کوئٹہ( بیورورپورٹ)کوئٹہ میں احتساب عدالت نے بلوچستان میگاکرپشن کیس کاریفرنس جلد دائر کرنے اور کیس میں گرفتار سابق مشیرخزانہ میر خالد لانگو کو آئندہ سماعت پر پیش ہونے کی ہدایت کردی ۔بدھ کوبلوچستان میگا کرپشن کیس کی سماعت کوئٹہ کی احتساب عدالت میں ہوئی، کیس کے سلسلے میں سابق سیکرٹری خزانہ مشتاق رئیسانی اور کنٹریکٹرسہیل مجید احتساب عدالت میں پیش کئے گئے تاہم سابق مشیرخزانہ میرخالد لانگو عدالت میں پیش نہیں ہوسکے۔ان کامیڈیکل سرٹیفکیٹ عدالت میں جمع کرایاگیا۔ اس موقع پر عدالت نے جیل وارڈ کے انچارج سے میرخالد لانگو کے بارے میں استفسار کیا اور پوچھا کہ خالد لانگو کی طبیعت کیسی ہے،ان کاوزن تو کم نہیں ہواجس پر جیل وارڈ کے انچارج کا جواب تھا کہ وزن کم نہیں ہوا۔ڈاکٹر نے بتایاہے ان کی طبیعت صحیح نہیںتاہم عدالت نے انہیں ہدایت کی کہ انہیں اگلی پیشی پر لے آئیں۔ ہم بھی دیکھیں وہ کتنے بیمار ہیں۔دوسری جانب عدالت نے نیب پراسیکیوٹر کرپشن کیس ریفرنس کے حوا لے سے استفسارکیا جس پر نیب پراسیکیوٹر کا کہناتھا کہ کیس کاریفرنس دستخط کے لئے اسلام آباد بھجوایاگیاہے۔عدالت نے کرپشن کیس کاریفرنس جلد دائر کرنے کی ہدایت کی اور سماعت 17جنوری تک ملتوی کردی۔
میگا کرپشن کیس