اسلام آباد میں فلائی اوور منصوبے پر 68 کروڑ روپے کے اضافی اخراجات کا انکشاف
اسلام آباد (آئی این پی) قومی اسمبلی کی پبلک اکائونٹس کمیٹی کی ذیلی کمیٹی میں وفاقی ترقیاتی ادارے (سی ڈی اے) کی طرف سے دارالحکومت کے فیصل ایونیو روڈ پر فلائی اوور کے منصوبے میں 68 کروڑ روپے کے اضافی اخراجات کا انکشاف ہوا ہے۔ ذیلی کمیٹی نے منصوبوں میں بجٹ سے منظوری کے بغیر اضافی اخراجات کی دو ماہ میں انکوائری کی ہدایت کر دی۔ ذیلی کمیٹی کے اجلاس میں سی ڈی اے کے 2010-11 میں فیصل ایونیو اور جناح ایونیو پر انڈر پاسز اور فلائی اوور کی تعمیر سے متعلق آڈٹ اعتراضات کا جائزہ لیا گیا ۔ آڈٹ حکام نے انکشاف کیا کہ سی ڈی اے نے متعدد جگہوں پر بجٹ سے منظوری کے بنا مقررہ رقم سے زیادہ خرچ کیا۔ آڈٹ حکام نے بتایا کہ فیصل ایونیو پر فلائی اوور کے منصوبے کا پی سی ون 99 کروڑ تھا تاہم اب تک منصوبے پر ایک ارب 67 کروڑ روپے خرچ ہو چکے ہیں، منصوبے کے اکاونٹس بھی بند نہیں کئے گئے جبکہ تکمیل میں 30 ماہ کی تاخیر ہوئی۔ جس پر رکن کمیٹی میاں عبدالمنان نے استفسار کیا کہ سی ڈی اے کے بورڈ کے پاس کیا کیا اختیارات ہیں اور پہلے سے طے شدہ بولی کو کیسے بدلہ جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ہائی کورٹ اور سپریم کورٹ نہیں ہے یہاں ہر کیس کی اپنی بولی اور فائل ہے۔