• news

ایسی قانون سازی کرینگے کسی کو دوسرے کا حق غصب کرنے کی جرات نہیں ہوگی: پرویز خٹک

پشاور(بیورورپورٹ) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے کہا ہے کہ ہم نے ایسی قانون سازی کا عندیہ دیا ہے جس سے قانون کی حکمرانی ہو گی۔ کسی کودوسرے کا حق غصب کرنے کی جرات نہیں ہو گی۔ قانون سب کے لیے ہو گا۔ کسی سے ناانصافی نہیں ہو گی ۔ہم انصاف اور قانون کی بالادستی کیلئے ایک مستحکم نظام دیں گے۔ اس ملک کو تباہ و برباد کرنے میں سیاستدانوں نے کوئی کسر نہیں چھوڑی۔ اداروں میں سیاسی مداخلت کی۔ اپنے ذاتی مقاصد کیلئے قومی وسائل کو ذاتی جاگیر سمجھ کر لوٹتے رہے۔ ہم نے آکر حق اور ناحق میں فرق ڈالا کیونکہ ہم ترقی کی دوڑ میں دُنیا کے ساتھ چلنا چاہتے ہیں۔ آج جو لوگ ہم پر الزام تراشی کر رہے ہیں انہوں نے تو صرف لوٹ مار کی وراثت چھوڑی ہے۔ اپنی ذات کے حصار میں لگے رہے۔ ہم نے عوام کو شعور دیا کہ اپنے ذہن اور دل سے فیصلے کریں۔ ہم نے ایک طرف عوام کو ماضی کے بوسیدہ نظام سے نجات دلانے کیلئے سیاسی مداخلت، کرپشن، سفارش کلچر اور لوٹ مار کا خاتمہ کیا۔ ریکارڈ قانون سازی کی اب قانون کی حکمرانی ہے۔ وہ وزیراعلی ہائوس پشاور میںسپریم کورٹ آف پاکستان کے سینئرایڈووکیٹ شاہد حمید کی سربراہی میں پلڈاٹ کے وفد سے گفتگو کر رہے تھے۔ چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا عابد سعید اور متعلقہ محکموں کے انتظامی سیکرٹریز بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وزیراعلی نے کہا کہ عوام اداروں میں رشوت، سفارش اور غلط کاموں کی حوصلہ شکنی میں اپنا کردار ادا کریں ہم نے احتساب کا ایک نظام بنادیا ہے غلط کاموں کیلئے کوئی گنجائش موجود نہیں ہے۔ عوام کرپشن کی نشاندہی کریں اُن کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا اور وصول شدہ رقم کا 30 فیصد نشاندہی کرنے والے کو دیا جائے گا۔ ہم نے صوبے کو ترقی کی راہ پر ڈال دیا ہے، عوام تعاون کریں۔ بغیر اخراجات کے زندگی بدل سکتی ہے۔ عوام اپنی ترقی خود پلان کریں۔رائٹ ٹو سروسز قانون کے تحت خدمات تک عوام کی رسائی یقینی بنائی گئی ہے۔ مطلوبہ خدمت مقررہ وقت میں فراہم نہ کرنے پر ذمہ داران جوابدہ ہوں گے اور اُن پر جرمانہ ہوگا ۔

ای پیپر-دی نیشن