اہلکاروں کی ملی بھگت، قبضہ مافیا نے اوقاف کی اراضی پر عمارتیں بنا لیں
لاہور (خصوصی نامہ نگار)محکمہ اوقاف کے اہلکاروں کی ملی بھگت اور حکام کی چشم پوشی سے صوبائی دارالحکومت کے علاقہ باگڑیاں گرین ٹاﺅن میں قبضہ گروپ نے محکمہ کے کرورڑوں روپے مالیت کی اراضی پر قبضہ کرکے تعمیرات بنا لیں، متعلقہ زونل ایڈمنسٹریٹر غلام عباس اور مینجر شاہد اقبال نے اوقاف کی اراضی پر قبضہ اور ناجائز تعمیرات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ اس حوالے سے کل رپورٹ جاری کریں گے، معلوم ہوا ہے کہ قبضہ گروپ نے محکمہ کی ملی بھگت سے سرکاری اراضی کی حفاظت کے لئے پہلے ایسے گارڈ کو تعینات کرایا جسے 2014میں باگڑیاں میں سرکاری اراضی پر قبضہ کرانے کے الزام میں برطرف کیا گیا تھا تاہم 2015ءمیں سرکاری اثر و رسوخ سے گارڈ پرویز اختر بحال ہو گیا تھا، اوقاف ذرائع کے مطابق گارڈ پرویز اختر نے ایک بار پھر اپنے کرپٹ اہلکاروں کی مدد سے قبضہ گروپوں کے ذریعے مجموعی طور پر 28مرلہ کے تین پلاٹوں پر قبضہ کے بعد ناجائز رہائشی اور کمرشل تعمیرات کرا دیں ۔