:پاکستان کی حمایت میں بولنے والے ممتاز بھارتی اداکار اوم پوری چل بسے
ممبئی (نیٹ نیوز) بھارتی فلموں کے معروف اداکار اوم پوری دل کا دورہ پڑنے سے ممبئی میں انتقال کر گئے۔ انکی عمر 66 برس تھی۔ اوم پوری کے قریبی دوست اشوک پنڈت نے انڈین ایکسپریس کو بتایا کہ اوم پوری کو جمعہ کی صبح 6 بجے دل کا شدید دورہ پڑا۔ وہ گذشتہ شام فلم کی شوٹنگ کے بعد گھر آئے اور صبح انہوں نے ڈور بیل پر دروازہ نہیں کھولا جس کے بعد انکے ڈرائیور نے دیگر لوگوں کو مطلع کیا۔ اوم پوری 18 اکتوبر 1950ءکو ہریانہ میں پیدا ہوئے اور گھانسی رام کوتوال“ نامی مراٹھی فلم سے 1972ءمیں اپنے کیرئیر کا آغاز کیا پھر چند آرٹ فلموں میں ثانوی کردار نبھائے۔ 1980ءمیں ”آکروش“ نامی فلم سے وہ فلمی ناقدین کی نظروں میں آئے ”گاندھی“ انکی پرفارمنس کے لحاظ سے اہم جبکہ آخری پاکستانی فلم ”ایکٹر اِن لا“ تھی۔ بھارت میں انکی آخری فلم ”رام بھجن زندہ باد“ فروری میں ریلیز ہو گی واضح رہے اوم پوری پاکستان، بھارت دوستانہ تعلقات کے زبردست حامی تھے اور حالیہ کشیدگی کے دوران پاکستان کی حمایت میں بیان دینے پر انہیں بھارت میں انتہاپسند ہندو تنظیموں کی شدید تنقید کا سامنا پڑا تھا۔ وہ پاکستانی فلموں اور اداکاروں کا بھی زبردست دفاع کرتے رہے۔ انہوں نے برطانوی اور ہالی وڈ فلموں میں بھی متعدد پاکستانی کردار ادا کئے جن میں ”ایسٹ از ایسٹ اور ویسٹ از ویسٹ“ جارج خان اور ”چارلی ولسنز وار“ میں صدر ضیاءالحق کا کردار شامل ہے۔ اوم پوری کو 1981ءمیں نیشنل فلم ایوارڈ کے علاوہ ”پدما شری“ ایوارڈ اور برطانیہ کے آرڈر آف برٹش ایمپائر“ سے نوازا گیا۔ اوم پوری کے انتقال پر بھارتی فلم انڈسٹری سوگ میں ڈوب گئی۔ نصیر الدین شاہ‘ شاہ رخ خان‘ مہیش بھٹ سمیت سبھی شخصیات نے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔ واضح رہے اوم پوری کی اپنی اہلیہ سے اختلافات کے بعد علیحدگی ہو چکی تھی۔ انتقال کی رات وہ کوشش کے باوجود اپنے جوان بیٹے ایشانت سے ممبئی میں نہیں مل سکے تھے گھر ٹوٹنے اور بیوی کی بغاوت اور بچوں کے نظریں بدلنے پر وہ خاصے دلبرداشتہ تھے۔ دریں اثناءوزیراعظم محمد نواز شریف نے بالی ووڈ کے معروف اداکار اوم پوری کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اوم پوری نے پاکستان اور بھارت کے درمیان ثقافتی روابط کیلئے کام کیا۔ عظیم اداکار نے امن مخالف حلقوں کے آگے گھٹنے ٹیکنے سے انکار کیا۔ انہوں نے کہا کہ اوم پوری نے بھارت اور پاکستان کے سینما کیلئے بننے والی فلموں میں بہترین اداکاری کی اور اپنی قدرتی قابلیت سے بھارتی سینما کو بلندیوں تک پہنچایا۔ وزیراعظم نے کہاکہ اوم پوری نے پاکستان اور بھارت کے درمیان ثقافتی روابط کیلئے کام کیا۔ وزیراعظم نے اوم پوری کے خاندان کے ساتھ بھی ہمدردی کا اظہار کیا۔
اوم پوری