نیشنل ہیلتھ پروگرام کے تحت نادار طبقے کو صحت کی سہولیات مفت فراہم کر رہے ہیں : نوازشریف
اسلام آباد (آئی این پی) وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور بحرین کی مثالی دوستی پر فخر ہے‘ جدید نرسنگ یونیورسٹی کے قیام کے لئے بحرین کے تعاون کے شکر گزار ہیں‘ نرسنگ یونیورسٹی تربیت یافتہ افرادی قوت کی فراہمی کے لئے قوم کا فخر ہوگی‘ یونیورسٹی دو برادر اسلامی ملکوں کے بہترین تعلقات کی عکاس ہے‘ صحت پروگرام میں سنگ میل ثابت ہوگی‘ صحت کے پروگرام کے ساتھ بیماریوں سے بچاﺅ پر بھی توجہ دے رہے ہیں۔ شاہ حمد نرسنگ یونیورسٹی کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ تقریب میں بحرین کے کمانڈر کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ نرسنگ یونیورسٹی صحت کے شعبے کی تقویت کا باعث ہوگی۔ اس کا قیام صحت کے شعبے میں ہماری کوششوں کا حصہ ہے۔ توقع ہے کہ یونیورسٹی تربیت کی فراہمی میں عالمی معیار کے مطابق ہوگی۔ 2015 میں صحت کا پروگرام شروع کیا۔ یونیورسٹی صحت پروگرام میں سنگ میل ثابت ہوگی پروگرام کے تحت نادار طبقے کو صحت کی مفت کی سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں۔ صحت کے پروگرام کے ساتھ بیماریوں سے بچاﺅ پر بھی توجہ دے رہے ہیں۔ صحت کے شعبے کی بہتری کے لئے معیار اور تربیت یافتہ افرادی قوت میسر آئے گی۔ وزیر مملکت سائرہ افضل تارڑ نے کہا کہ یونیورسٹی کا قیام نرسنگ کے شعبے میں سنگ میل ثابت ہوگا۔ وزیراعظم کی قیادت میں صحت کے شعبے میں انقلابی تبدیلیاں لارہے ہیں۔ قبل ازیں یونیورسٹی کے بنیادی ڈھانچے اور ڈیزائن سے متعلق وزیراعظم کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ طلباءیونیورسٹی میں بہترین ماحول میں تعلیم حاصل کریں گے۔ صباح نیوز کے مطابق تقریب سے خطاب میں وزیراعظم نے کہا ہے کہ صحت کا شعبہ میری حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ ہم ضرورت مند افراد کو صحت کی سہولیات کی فراہمی کے لئے تمام ممکنہ اقدامات کر رہے ہیں، ملک کے زیادہ آبادی والے صحت کی بنیادی سہولیات سے محروم علاقوں میں 50 سٹیٹ آف دی آرٹ ہسپتالوں کی تعمیر جلد شروع کی جائے گی۔ ہمارا مقصد پاکستان کے لوگوں کو صحت کی تمام سہولیات کی فراہمی ہے۔ نرسنگ کے شعبہ کو پاکستان میں بہت سے چیلنجز کا سامنا ہے اور ماضی میں اس شعبہ کو نظرانداز کیا گیا۔ نہ صرف ملک میں تعلیم یافتہ اور تربیت یافتہ نرسوں کی کمی ہے بلکہ اس شعبہ کے معیار اور ریگولیشن کے حوالے سے اہم تبدیلیوں کی ضرورت ہے۔ ہماری حکومت نے اس شعبہ میں اہم اصلاحات متعارف کرائی ہیں۔ نیشنل ہیلتھ پروگرام کے تحت ضرورت مند افراد کو علاج کے لئے نقد رقوم بھی فراہم کی جا رہی ہیں۔ آخرکار اس پروگرام سے 10 کروڑ افراد مستفید ہوں گے۔ ہم نے ملک میں پولیو کے پھیلا¶ کے خلاف ٹھوس اقدامات کئے ہیں۔ علاوہ ازیں وزیراعظم سے بحرین میں پاکستان کے سفیر جاوید ملک نے ملاقات کی‘ جاوید ملک نے وزیراعظم کو پاکستان اور بحرین کے تعلقات پر بریفنگ دی۔ جاوید ملک نے وزیراعظم کو اقتصادی سفارتکاری کے اقدامات سے آگاہ کیا۔ وزیراعظم نے جاوید ملک کی کارکردگی کو سراہا۔
وزیراعظم