بنگلور: مسلمان خاتون پر درندوں کا حملہ، زیادتی میں ناکامی پر زبان‘ ہونٹ کاٹ ڈالے
نئی دہلی (نیٹ نیوز) بھارت کے ’’آئی ٹی حب‘‘ کہلانے والے شہر بنگلور میں نئے سال کی آمد پر 31دسمبر کو سرعام درجنوں خواتین سے دست درازی کا واقعہ ابھی تازہ ہی تھا کہ گزشتہ روز نامعلوم درندہ صفت افراد نے برقع پوش مسلمان خاتون کو دست درازی کا نشانہ بنایا۔ مزاحمت پر اسکی زبان اور ہونٹ کاٹ ڈالے بتایا گیا ہے کہ مسلمان خاتون کسی کام کی غرض سے گھرسے نکلی اور بس سٹاپ کی طرف جا رہی تھی کہ اسے اوباشوں نے گھیرا اور ہوس کا نشانہ بنانا چاہا اور جب اس باہمت خاتون نے مزاحمت کی تو اسے نہ صرف تشدد کا نشانہ بنایا گیا بلکہ زمین پر پٹخ کر درندوں کی طرح اس کی زبان اور ہونٹوں کو دانتوں سے کاٹا اور چباڈالا۔ ظلم کی اس پوری واردات میں انسان تو ڈر کے مارے باہر نہ نکلے لیکن کتوں نے بھونکنا شروع کردیا۔ جس پر وہ درندے بھاگ نکلے۔ بھارتی پولیس بھی اس وقت جاگی جب اس علاقے کے مکینوں نے انہیں فون کرکے صورتحال سے آگاہ کیا۔ یہ سارا واقعہ سی سی ٹی وی کیمرے میں ریکارڈ ہوچکا لیکن اب تک کسی ملزم کو نہیں پکڑا گیا۔ خاتون کو ہسپتال داخل کرا دیا گیا۔ دریں اثناء اسی شہر کے کمیالی علاقے میں 2افراد نے جم جانیوالی خاتون سے دست درازی کی اور اس کے شور مچانے پر دونوں افراد جو موٹر سائیکل پر سوار تھے فرار ہو گئے۔