پاکستان‘ افغانستان اور عراق سٹیٹ آف آرٹ سکیورٹی آپریشن سنٹرز قائم کرینگے: جان کیری
واشنگٹن(صباح نیوز)امریکی وزیرخارجہ جان کیری نے کہا ہے کہ پاکستان ان ممالک میں شامل ہے جہاں امریکہ ’سٹیٹ آف دی آرٹ ٹیکنیکل سکیورٹی آپریشن سینٹرز'تعمیر کرے گا۔21 صفحات پر مشتمل ایک دستاویز کے مطابق امریکہ کے اعلیٰ عہدیدار نے افغانستان اور عراق کا نام بھی ان ممالک میں شامل کیا ہے جہاں صدر اوباما کی انتظامیہ اس طرح کے سینٹرز قائم کررہی ہے۔دستاویز میں یہ واضح نہیں کیا گیا کہ یہ سینٹرز کہاں قائم کیے جائیں گے، انہیں کون چلائے گا اور انہیں کیسے چلایا جائے گا۔اس میں کہا گیا ہے کہ 'ہم سٹیٹ آف دی آرٹ ٹیکٹیکل سکیورٹی آپریشن سینٹرز اہم ممالک میں تعمیر کررہے ہیں، جن میں افغانستان، عراق اور پاکستان شامل ہیں'۔جان کیری نے دستاویز میں کہا جس وقت اوباما نے امریکہ کے صدر کا عہدہ سنبھالا تھا اس وقت القاعدہ پاکستان اور افغانستان میں مضبوط تھی تاہم گذشتہ 8 سال کے دوران گروپ کی اہم اور اعلیٰ قیادت کو 'تہس نہس' کردیا گیا اور اس کے چیف اسامہ بن لادن کو ہلاک کیا جاچکا ہے۔انہوں نے ساتھ ہی خبردار بھی کیا کہ 'افغانستان بہتر نہیں ہوا ہے اور اس کی بہتری کیلئے ہماری جاری پیش رفت کا تحفظ ضروری ہے جس کے لیے کئی سالوں کی مسلسل مصروفیت اور کوششیں درکار ہوں گی'۔ان کا مزید کہنا تھا ہمیں افغان عوام کی حمایت جاری رکھنی چاہیے جیسا کہ وہ کچھ ماہ یا سالوں میں اپنا محفوظ اور پرامن مستقبل قائم کرنا چاہتے ہیں۔مذکورہ دستاویز، جس میں اوباما کی انتظامیہ کی خارجہ پالیسی کی حاصل ہونے والی کامیابیوں کو شامل کیا گیا ہے، آنے والے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ کیلئے کچھ تجاویز بھی شامل کی گئی ہیں جن میں ایران کے جوہری پروگرام، مشرق وسطیٰ میں دو ریاستی حل اور داعش کے خلاف جاری جنگ میں مصروف رہنے کی تجاویز شامل ہیں۔