• news

پی پی کا ٹریک ریکارڈ اچھا، حکومت جانے کی بات کرتی ہے نہ جمہوریت ڈی ریل کرنیکی: ایاز صادق

لاہور + اسلام آباد (آن لائن+ نمائندہ خصوصی) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ کے اندر پیپلز پارٹی کا ٹریک ریکارڈ مثبت ہے، وہ حکومت کے جانے کی بات کرتی ہے، نہ سسٹم کو ڈی ریل کرنے کی، نیب کے قانون میں ترمیم کرنے کیلئے کمیٹی بنا دی گئی ہے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سردار ایاز صادق نے کہا کہ پیپلز پارٹی اسمبلی میں ایشوز پر بات کرتی ہے۔ نیب کے قوانین کی تبدیلی کا بل پارلیمنٹ میں جمع ہوا ہے جب تک کوئی اسے پیش نہیں کریگا، اس وقت تک کارروائی آگے نہیں بڑھے گی۔ اگر کوئی ممبر اسمبلی میں آکر اپنا رول ادا نہیں کرتا تو وہ جانے اور اسکا ووٹر جانے میں کبھی نہیں چاہوں گا کہ اسے ڈی سیٹ کیا جائے۔ دوسری جانب وزیراعظم کی ہدایت پر سپیکر قومی اسمبلی نے 10 جنوری منگل کو پارلیمانی پارٹیوں کے سربراہوں کا اجلاس طلب کر لیا ہے تاہم چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے اجلاس میں شرکت سے دوٹوک انکارکر دیا، جبکہ اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ اور سربراہ جے یو آئی (ف) مولانافضل الرحمن کی شرکت بھی مشکوک ہے تاہم ایم کیو ایم نے اجلاس میں شرکت کی مشروط یقین دہانی کروا دی ہے۔ پارلیمنٹ کے ذمہ دار ذرائع نے بتایا ہے کہ وزیراعظم نواز شریف کی ہدایت پر ملک کی صورتحال کے پیش نظر ایک اہم اجلاس 10 جنوری کو صبح 11 بجے پارلیمنٹ ہاؤس میں طلب کیا گیا ہے جس کا مقصد ملک میں جاری سیاسی صورتحال کراچی آپریشن، سی پیک منصوبہ اور پارلیمنٹ میں ہونیوالی قانون سازی کے حوالے سے تمام سیاسی جماعتوں کو اعتماد میں لینا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن