کرک: پولیس موبائل پر حملہ‘ اہلکار سمیت 2 افراد جاں بحق: کوئٹہ میں فائرنگ‘ ایک ہلاک‘ 5 زخمی
کرک+ کوئٹہ (این این آئی+ صباح نیوز) سول کورٹ تخت نصرتی کے قریب پولیس موبائل پر فائرنگ سے ایک اہلکار سمیت 2 افراد جاں بحق ہوگئے۔ کرک میں نامعلوم افراد نے پولیس موبائل پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں موبائل میں سوار پیشی کیلئے لایا گیا‘ ملزم اور اس کے ساتھ تعینات پولیس اہلکار جاں بحق اور 2 اہلکار زخمی ہوگئے۔ زخمی اہلکاروں کو قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا تاہم ان کی حالت بھی تشویشناک ہے۔ پولیس کے مطابق ملزمان کی گرفتاری کے لئے اطراف کے علاقے میں پولیس کے گشت کو بڑھا دیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں کوئٹہ میں ٹیکسی پر نامعلوم موٹر سائیکل سواروں کی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق اور پانچ افراد زخمی ہوگئے۔ پولیس حکام کے مطابق ہزار ہ ٹاؤن سے مسافروں کو لیکر علمدار روڈ جانے والی پیلی ٹیکسی اسپنی روڈ پر شہر کی جانب رواں دواں تھی کہ پرانا پشین سٹاپ کے قریب نامعلوم موٹرسائیکل سواروں نے فائرنگ کردی جس سے گاڑی میں سوار چھ افراد شدید زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو سول ہسپتال اور بعدازاں سی ایم ایچ منتقل کردیا گیا جن میں سے ایک ہسپتال میں دم توڑ گیا۔ واقعہ کے بعد پولیس اور ایف سی کے اعلیٰ حکام موقع پر پہنچ گئے اور علاقے کو گھیرے میں لیکر تفتیش شروع کردی۔ واضح رہے کوئٹہ میں موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد ہے تاہم حملہ آور موٹر سائیکل پر واردات کرکے فرار ہوگئی۔علاوہ ازیں کوئٹہ میں ارباب غلام علی روڈ پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے لیویز اہلکار جاں بحق ہو گیا۔ اہلکار کی شناخت شاہنواز کے نام سے ہوئی ہے۔