سانحہ ماڈل ٹائون کیس کا فیصلہ نئے پاکستان کی بنیاد بنے گا: طاہر القادری
لاہور (این این آئی) عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر محمد طاہر القادری عمرہ کی سعادت حاصل کرنے کے بعد گزشتہ روز سعودی عرب سے لندن پہنچ گئے۔ لندن ائر پورٹ پر مقامی تنظیمی عہدیداروں اور کارکنوں نے پرتپاک استقبال کیا۔ ائرپورٹ پر گفتگو کرتے ہوئے سربراہ عوامی تحریک نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹائون کیس کا فیصلہ نئے پاکستان کی بنیاد بنے گا ۔سرکاری وسائل اور مشینری انصاف کی راہ میں حائل ہے،سانحہ ماڈل ٹائون کے ذمہ دار موجودہ حکمران ہیں۔ثبوتوں کے ڈھیر اے ٹی سی میں لگا دئیے انصاف کے منتظر ہیں۔ سربراہ عوامی تحریک نے کہا کہ تاجر حکمران جسے اپنے لئے خطرہ سمجھتے ہیں، اسے منہ بولی ایڈوانس قیمت ادا کر کے راستے سے ہٹا دیتے ہیں۔ جمہوریت خرید و فروخت کا ایک نظام بن چکی ہے، مقتدر ایوان سٹاک مارکیٹیں ہیں جہاں صرف سودے طے ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پانامہ لیکس کے حوالے سے7 ماہ پہلے بھی کہاتھا کہ بار ثبوت ان پر ہے جنہوں نے قوم کے روبرو لندن جائیدادوں کی ملکیت کا اعتراف کیا۔ سربراہ عوامی تحریک نے لودھراں میں ریلوے حادثے کے نتیجے میں جاں بحق ہونیوالے بچوں کے لواحقین سے دلی تعزیت کا اظہار کیا۔ انہوں نے معصوم بچی طیبہ پر تشدد کی پر زور الفاظ میں بھی مذمت کی۔