پانامہ کیس فائنل راؤنڈ میں داخل، توقع ہے 2 ہفتے میں عدالتی کارروائی مکمل ہوجائیگی: فواد چودھری
کراچی (آئی این پی) تحریک انصاف کے ترجمان فواد چوہدری نے کہا ہے کہ پانامہ لیکس کیس فائنل رائونڈ میں داخل ہوچکا ہے اور توقع ہے کہ آئندہ دو ہفتوں میں پانامہ لیکس پر تمام عدالتی کارراوائی مکمل کر لی جائے گی۔ وزیراعظم اور انکے خاندان کے نااہل ہونے سے جمہوریت کو کسی قسم کا نقصان نہیں پہنچے گا۔ پانامہ لیکس سکینڈل کو 7 ماہ ہو چکے جو کاغذات مریم نواز کی جانب سے کروائے گئے ہیں ان پر مریم نواز کے دستحط موجود نہیں۔ یہ سوالیہ نشان ہے۔ عمران نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ اب سندھ اور کراچی کے معاملے پر خصوصی توجہ دیں گے اور تحریک انصاف نے آئندہ کے عام انتخابات کی تیاریوں کا آغاز کردیا ہے۔ وہ ہفتے کو انصاف ہائوس میں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔