ایران کے ساتھ ایٹمی معاہدے کا تحفظ انتہائی اہم ہے : امریکی وزیر دفاع
واشنگٹن (اے پی پی) امریکی وزیردفاع ایشٹن کارٹر نے ایران کے ساتھ ایٹمی معاہدے کے تحفظ کو ملک کے لئے انتہائی اہم قرار دیا ہے۔ذرائع ابلاغ کے مطابق ایشٹن کارٹرنے اپنے ایک بیان میں کہا امریکی مفادات کا تفاضا ہے ایران کے ساتھ ایٹمی معاہدے پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے۔انہوں نے اس بات کا بھی اعتراف کیا ایران نے ایٹمی معاہدے کے تعلق سے اپنے سبھی وعدوں پر عمل کیاہے اور اس کی تصدیق آئی اے ای اے نے بھی کی ہے۔دوسری جانب امریکی سینٹ کی کمیٹی برائے امورِ خارجہ کے سربراہ سینیٹر باب کروکر نے کہا ہے کہ آنے والی ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے ایران کے جوہری معاہدے کو فوری طور پر منسوخ کرنے سے بحران پیدا ہوسکتا ہے۔ اْنہوں نے کہا اْنہیں توقع ہے کہ جولائی 2015ء میں اعلان کردہ اِس بین الاقوامی سمجھوتے پر سختی سے نفاذ ہوگا جس پر ایران اپنی معیشت کے خلاف نقصان دہ پابندیوں سے بچنے کے عوض اپنے جوہری پروگرام میں کٹوتی لانے پر رضامند ہوا۔