ایک ہفتے میں سوشل میڈیا پر سرگرم چوتھا شخص احمد رضا موڑ کھنڈا سے اغوا
اسلام آباد/ موڑ کھنڈا/ کراچی (نامہ نگار+ سٹاف رپورٹر+ اے ایف پی+ نوائے وقت رپورٹ) موڑ کھنڈا میں سوشل میڈیا پر سرگرم احمد رضا نصیر کو اغوا کرلیا گیا ہے۔ سائبر سکیورٹی کی ایک این جی او کے مطابق سوشل میڈیا پرسیکولر خیالات کی ترویج پھیلانے والے چوتھے شخص کو اغوا کیا گیا ہے۔ 4جنوری کو وقاص گورایہ اور عاصم سعید‘ 6جنوری کو پروفیسر سلمان حیدر لاپتہ ہوئے تھے۔ ایک سکیورٹی عہدیدار نے احمد رضا کے غائب ہونے میں انٹیلی جنس اداروں کے ملوث ہونے کی نفی کی ہے۔ احمد رضا کے بھائی نے بتایا احمد رضا پولیو کا مریض تھا اور اسے دکان سے اغوا کیا گیا۔ سلمان حیدر کے بھائی فیضان نے بتایا انکے بھائی کوکوئی دھمکی موصول نہیں ہوئی تھی۔ این جی او بائٹس فار آل این جی او کے سربراہ شہزاد احمد نے بتایا ان چاروں میں سے کسی کو عدالت میں پیش کرکے اب تک کوئی الزام عائد نہیں کیا گیا ہے۔ موڑ کھنڈا سے نامہ نگار کے مطابق احمد رضا ویزوں کا کام کرتا تھا۔ بتایا گیا ہے اس کے خلاف لاہور میں ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔ ایف آئی اے کی ٹیم اسے جعلی ویزے جاری کرنے کے شبہ میں گاڑی میں بٹھا کر لے گئی ہے۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق احمد رضا کے بھائی زاہد نے بتایا احمد رضا کے ساتھ مٹھائی کی دکان پر بیٹھے تھے‘ سرکاری نمبر پلیٹ والی گاڑی آئی، آنے والے افراد نے لیپ ٹاپ کے بارے میں بھی پوچھا لیکن وہ ہمارے پاس نہیں تھا۔ ہالینڈ سے آنے والا احمد رضا کا دوست وقاص گورایہ بھی لاپتہ ہے۔ احمد ایف اے پاس تھا‘ خود بلاگ نہیں لکھتا تھا۔ برطانوی لڑکی اس کی دوست تھی جو سوشل میڈیا پر لکھتی رہتی تھی۔ ہم نے بھائی کو اس لڑکی سے دوستی سے منع بھی کیا تھا۔ دریں اثناءپولیس نے فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی کے پروفیسر سلمان حیدر کی گمشدگی کے معاملے کی تحقیقات تیز کردی گئی ہیں۔ پولیس نے سلمان حیدر کی آخری ملاقات کا پتا چلا لیا ہے ‘ سلمان حیدر کی آخری ملاقات نجی سکول کی خاتون پرنسپل فضہ سے ہوئی‘ پولیس نے خاتون پرنسپل کو بھی شامل تفتیش کرلیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق فاطمہ جناح یونیورسٹی کے پروفیسر سلمان حیدر نجی سکول کی پرنسپل فضہ سے مل کر تھیٹر ڈرامہ تیار کر رہے تھے۔ جمعہ کی شام بنی گالہ سے پرنسپل فضہ سے ملاقات کے بعد گھر کے لئے روانہ ہوئے راستے سے لاپتہ ہوگئے۔ سلمان نے اپنی اہلیہ کو فون پر بتایا تھا کہ وہ ساڑھے آٹھ بجے تک گھر پہنچ جائیں گے۔ پی پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زردای نے اسلام آباد میں انسانی حقوق کے سرگرم رہنما پروفیسر سلمان حیدر کے اغوا پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ان کی فوری بازیابی کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے ایک بیان میں کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت کے دوران سلمان حیدر کا اغوا اسلام آباد کی گلیوں میں عدم تحفظ کا ایک منہ بولتا ثبوت ہے۔
سلمان حیدر/ چوتھا شخص لاپتہ