• news

رحیم یار خان: بی ایس سی کے طالب علم نے 2 بڑے بھائیوں کو گلے کاٹ کر قتل کر ڈالا

رحیم یار خان (آن لائن) بی ایس سی کے طالب علم نے گھریلو جھگڑوں پر دو بڑے بھائیوں کو چھری سے گلے کاٹ کر قتل، بہن کو شدید زخمی کردیا۔ تفصیل کے مطابق عیسیٰ کالونی کی رہائشی مسرت بی بی نے پولیس کو دی گئی درخواست میں بیان کیا کہ اس کا خاوند عبدالرزاق 6 سال قبل انتقال کر گیا جبکہ اس کے تین بیٹے اور ایک بیٹی اس کے ساتھ کرایہ کے مکان میں رہائش پذیر ہیں، بڑا بیٹا شاہد رزاق جو کہ نجی بینک میں ملازم اور پسند کی شادی کرنے کا خواہشمند تھا مگر ہم گھر والے رضا مند نہ تھے جس کی وجہ سے شاہد رزاق اکثر میرے ساتھ جھگڑا کرتا تھا۔ اس نے مداخلت کرنے پر اپنے چھوٹے بھائی بی ایس سی کے طالبعلم شہزاد رزاق کے ساتھ مارپیٹ بھی کی ۔ گذشتہ شب تین بجے کے قریب شور سن کر اس کی آنکھ کھلی تو دیکھا کہ بیٹے شہزاد رزاق نے ہاتھ میں چھری پکڑی ہے اور اپنی بہن شازیہ سے گتھم گتھا ہے۔ اسی دوران اس نے بیٹے شہزاد رزاق کو قابو کرنے کے بعد کمرے میں بند کر دیا اور دیگر کمروں میں جا کر دیکھا تو اس کے دونوں بڑے بیٹے شاہد رزاق اور مجاہد رزاق گلے کٹنے کے نتیجہ میں ہلاک ہو چکے تھے جنہیں شہزاد رزاق نے قتل کر دیا تھا۔ اطلاع پر اہل علاقہ نے پویس بلالی۔ پولیس نے زخمی شازیہ کو ہسپتال منتقل کیا جبکہ شاہد رزاق اور مجاہد رزاق کی نعشیں پوسٹ مارٹم کے بعد ورثاءکے حوالے کر دیں۔ شہزاد رزاق کو آلہ قتل سمیت گرفتار کرلیا۔
رحیم یار خان

ای پیپر-دی نیشن