• news

مقبوضہ بیت المقدس‘ فلسطینی نے ٹرک چڑھا کر چار اسرائیلی فوجیوں کو ہلاک کر دیا....

مقبوضہ بیت المقدس (اے ایف پی+ نیٹ نیوز) مقبوضہ بیت المقدس میں نامعلوم شخص نے اسرائیلی فوجیوں پر ٹرک چڑھا دیا جس کے نتیجہ میں 4 اہلکار ہلاک ہوگئے جبکہ 15 افراد زخمی ہوگئے، ایک زخمی کی حالت تشویشناک ہے۔ ہلاک ہونے والوں میں 3 خواتین شامل ہیں۔ اسرائیلی پولیس نے واقعہ کو دہشت گردانہ کارروائی قرار دیا ہے۔ فرانسیسی خبر رساں ادارے کے مطابق صیہونی اہلکاروں نے ٹرک ڈرائیور کو موقع پر ہی فائرنگ کرکے ہلاک کر دیا۔ مغربی کنارے کے مرکزی شہر رام اللہ میں فلسطینی سکیورٹی عہدیداروں نے بتایا ڈرائیور مشرقی القدس کے علاقے جبل مکبر کا تھا۔ واقعہ مکمل طور پر اسرائیل کے زیرنگیں مغربی القدس میں پیش آیا۔ اکتوبر 2015ء سے شروع ہونیوالی پرتشدد لہر میں اب تک 247 فلسطینیوں کو مارا جا چکا ہے۔ فلسطینیوں کی کارروائیوں میں 40 اسرائیلی بھی ہلاک ہوئے ہیں۔ اسرائیلی پولیس کے ترجمان کے مطابق فوجیوں کا گروپ ایک بس کے قریب معمول کے گشت پر تھا کہ ان پر ٹرک چڑھا دیا گیا۔ اسرائیلی پولیس چیف نے کہا اس بات کو نظرانداز نہیں کیا جا سکتا کہ فلسطینی شہری برلن میں ٹرک حملے سے متاثر ہو۔ دوسری طرف فلسطینی تنظیم حماس کے ترجمان فوزی برہوم نے کہا ہے ہم اسرائیلی حکومت کو جرائم سے روکنے کیلئے اس مزاحمتی آپریشن کی تعریف کرتے ہیں۔ اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے کہا حملہ دہشت گردی ہے۔ ٹرک چڑھانے والا داعش کا حامی تھا۔ دریں اثنا نیٹ نیوز کے مطابق فلسطینی ٹرک ڈرائیور کی شناخت 28 سالہ فادی القنبر کے نام سے کی گئی ہے۔ اسرائیلی پولیس نے فادی القنبر کے گھر کا گھیراﺅ کر لیا۔ مبینہ طور پر فلسطینی ڈرائیور کے والد کو بھی گرفتار کر لیاگیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق فادی القنبر کے والد سمیت 9 افراد کو گرفتار کیا گیا۔ امریکی محکمہ خارجہ نے بھی واقعہ کی مذمت کی ہے۔ اسرائیلی وزیر سکیورٹی نے کہا ہے فادی القنبر کی نعش لواحقین کے حوالے نہیں کی جائے گی۔ وزیر تعمیرات نے کہا حملہ آور کے خاندان کو ملک بدر کرکے شام بھیج دیا جائے۔
فلسطین / اسرائیلی فوجی ہلاک

ای پیپر-دی نیشن