• news

طیبہ اسلام آباد سے بازیاب‘ آج طبی معائنہ‘ پرسوں سپریم کورٹ پیش کیا جائیگا

اسلام آباد / کمالیہ (اپنے سٹاف رپورٹر + خبرنگار خصوصی + نامہ نگار) ایڈیشنل سیشن جج کے گھر میں تشدد کا نشانہ بننے والی کم سن ملازمہ طیبہ کو گزشتہ روز پولیس نے اسلام آباد کے برما ٹا¶ن سے بازیاب کر لیا۔ ایس پی انویسٹی گیشن کیپٹن (ر) محمد الیاس نے بتایا طیبہ کو سپریم کورٹ کے حکم پر آئی جی اسلام آباد کی جانب سے تشکیل دی گئی ٹیم نے بازیاب کیا ہے۔ طیبہ کو بدھ کے روز سپریم کورٹ میں پیش کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق طیبہ کا آج طبی معائنہ کیا جائے گا۔ پمز کے ڈاکٹرز کی ٹیم بچی کا معائنہ کرکے اپنی رپورٹ دے گی جو عدالت عظمی میں جمع کرائی جائے گی۔ کمسن ملازمہ طیبہ پر تشدد کی خبریں میڈیا پر آنے کے بعد چیف جسٹس آف پاکستان نے واقعہ کا ازخود نوٹس لیا تھا جس کے بعد سے طیبہ لاپتہ تھی تاہم پولیس بچی اور اس کے والدین کی تلاش کے لئے چھاپے مار رہی تھی جب کہ پولیس نے طیبہ کی پھوپھی کوگرفتارکرکے تفتیش شروع کردی تھی۔ واضح رہے چند روز قبل ایڈیشنل سیشن جج کے گھر میں کام کرنے والی بچی طیبہ پر تشدد کیس سامنے آیا تھا جبکہ میڈیکل رپورٹ میں بچی پر تشدد کے واضح ثبوت سامنے آئے تھے جس کے بعد جج اور ان کی اہلیہ کے خلاف مقدمہ بھی درج کرلیا گیا تھا۔ وزارت داخلہ کے ترجمان نے کہا ہے اسلام آباد پولیس نے طیبہ کو والدین سمیت تحویل میں لے لیا ہے۔ سپریم کورٹ کی ہدایت کے مطابق تفتیش جاری ہے۔ اس کیس میں تمام قانونی تقاضے پورے کئے جائیں گے۔ کمالیہ سے نامہ نگار کے مطابق طیبہ تشدد کیس میں ماں کی دعویدار کوثر بی بی نے کہا ہے مجھے ملزموں کی سزا سے نہیں اپنی بیٹی سے غرض ہے۔ پوری قوم کو گواہ بنا کر کہتی ہوں میری بیٹی مجھے دے دی جائے تو میں کسی قسم کی کوئی کارروائی نہیں کروں گی۔ بیٹی سے ہونے والی ظلم و تشدد کی داستان نے مجھے میری بیٹی سے ملا دیا تو میں سمجھوں گی میری ساری خوشیاں لوٹ آئیںکیونکہ ثناءکے سامنے آجانے کے بعد اب برداشت نہیں ہوتا۔
ملازمہ طیبہ / بازیاب

ای پیپر-دی نیشن